پی ایس ایل 12 کی تاریخوں کا اعلان، ایونٹ 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک ہوگا

newsdesk
4 Min Read
ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 کا انعقاد 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک کیا جائے گا۔

اسلام آباد: پاکستان کے سب سے بڑے کرکٹ ایونٹ ایچ بی ایل پی ایس ایل کی 12ویں ایڈیشن کی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا ہے۔ جمعرات کو تصدیق کی گئی کہ ٹورنامنٹ 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک کھیلا جائے گا، جس میں تمام آٹھ فرنچائزز ایک بار پھر اعزاز کے حصول کے لیے میدان میں اتریں گی۔

ایونٹ کی ونڈو کا تعین اہم اسٹیک ہولڈرز سے تفصیلی مشاورت کے بعد کیا گیا۔ یہ عمل یکم ستمبر 2026 کو لندن میں ہونے والے پی ایس ایل گورننگ کونسل کے اجلاس کے بعد مکمل ہوا، جس میں ایچ بی ایل پی ایس ایل کی آٹھوں فرنچائزز کے مالکان اور نمائندوں نے شرکت کی۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 گزشتہ تاریخی سیزن 2026 کے تسلسل میں منعقد ہوگا، جس میں پہلی مرتبہ آٹھ ٹیموں نے حصہ لیا، ڈرافٹ سسٹم کی جگہ پہلی بار پلیئر آکشن متعارف کرائی گئی، جبکہ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں 32 ہزار 461 تماشائیوں کی ریکارڈ تعداد موجود تھی۔

سال 2026 کے ایڈیشن میں پشاور زلمی نے 3 مئی کو ڈیبیو کرنے والی ٹیم حیدرآباد کنگزمن کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ اس کامیابی کے ساتھ پشاور زلمی نے نو سالہ انتظار بھی ختم کیا۔

ونڈو کے اعلان کے بعد اب ایونٹ کے اہم مراحل مرحلہ وار سامنے آئیں گے، جن میں ڈائریکٹ سائننگز، ری ٹینشن اعلانات، ٹریڈ ونڈو اور پلیئر آکشن شامل ہیں۔ یہ تمام مراحل شائقین کے لیے لیگ کے خدوخال واضح ہونے تک دلچسپی کا باعث رہیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 نے دنیا کو دکھایا کہ یہ لیگ کس قدر صلاحیت رکھتی ہے، سنسنی خیز لمحات نے پوری قوم کو اپنی گرفت میں لیے رکھا، ریکارڈ ہجوم اور ریکارڈ نشریات سامنے آئیں۔ ان کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 اس معیار کو مزید بلند کرے گا۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ وہ ایک اور شاندار سیزن کے انعقاد کے لیے پرعزم ہیں اور تمام آٹھ فرنچائزز کو ایک بار پھر ٹائٹل کے لیے مقابلہ کرتے دیکھنے کے منتظر ہیں۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر نے کہا کہ گزشتہ سیزن نے اس لیگ سے وابستہ توقعات کو بدل دیا اور 2027 میں ان تمام توقعات پر پورا اترنے کا ارادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا اعلان صرف پہلا قدم ہے، ڈائریکٹ سائننگز، ری ٹینشنز، ٹریڈ ونڈو اور آکشن آنے والے مہینوں میں اپنی اپنی دلچسپی لے کر آئیں گے۔

سلمان نصیر کے مطابق آٹھ ٹیمیں، آٹھ اسکواڈز مزید بہتر کارکردگی کے لیے پرعزم ہوں گے، جبکہ پاکستان اور دنیا بھر میں موجود لاکھوں شائقین پہلے ہی دن گننا شروع کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا: ’’نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے۔ #NewEra‘‘

ٹورنامنٹ کے مکمل شیڈول، وینیوز، پلیئر آکشن اور ٹکٹوں سے متعلق تفصیلات مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی۔

Share This Article