اسلام آباد: ڈبلیو 15 اسلام آباد جنید فیملی فاؤنڈیشن ورلڈ ٹینس ویمنز چیمپئن شپ 2026 کا دوسرا مرحلہ پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گیا۔ فرانس کی آسٹرڈ سیروٹ نے ویمنز سنگلز ٹائٹل اپنے نام کیا جبکہ تھائی لینڈ کی کامونوان یوڈپیچ اور چین کی رو شی وو نے ویمنز ڈبلز کا تاج جیت لیا۔
ویمنز سنگلز فائنل میں آسٹرڈ سیروٹ نے تھائی لینڈ کی کامونوان یوڈپیچ کو سخت مقابلے کے بعد 3-6، 6-4، 6-2 سے شکست دی۔ ڈبلز فائنل میں کامونوان یوڈپیچ اور رو شی وو کی جوڑی نے جرمنی کی اناستاسیا کوپاریو اور ازبکستان کی سیول یولداشیوا کو 6-3، 4-6، [10-2] سے ہرا کر ٹائٹل حاصل کیا۔
بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں 17 ممالک سے تعلق رکھنے والی مجموعی طور پر 31 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ ان ممالک میں فرانس، چین، روس، ڈنمارک، میکسیکو، ازبکستان، جنوبی افریقہ، نیدرلینڈز، کوریا، نیپال، جاپان، ہانگ کانگ، جرمنی، تھائی لینڈ، ترکیہ، چیک ری پبلک اور پاکستان شامل تھے۔
چیمپئن شپ کو جنید فیملی فاؤنڈیشن کی معاونت حاصل تھی، جس کی سرپرستی پاکستان میں بین الاقوامی ٹینس کے فروغ اور ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ اختتامی تقریب میں پاکستان میں امریکا کی ناظم الامور ایچ ای نٹالی اے بیکر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ جنید فیملی فاؤنڈیشن کے چیئرمین مسٹر اینڈ مسز انصر جنید مہمانانِ اعزاز تھے اور انہوں نے فاتح اور رنرز اَپ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی اور سیکرٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل بھی اختتامی تقریب میں موجود تھے اور انہوں نے بھی چیمپئنز اور رنرز اَپ میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر فرانسیسی ٹینس کھلاڑی اراوان رضائی کو ٹینس کے لیے ان کی گراں قدر خدمات اور کردار کے اعتراف میں شیلڈ بھی پیش کی گئی۔
تقریب میں سفیروں، سفارت کاروں، پی ٹی ایف حکام، کھلاڑیوں، کوچز، والدین اور ٹینس کے شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جس سے پاکستان میں خواتین ٹینس اور بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کی عکاسی ہوئی۔
پی ٹی ایف کے صدر اعصام الحق قریشی نے چیمپئنز اور رنرز اَپ کو ان کی کارکردگی پر مبارکباد دی اور ایچ ای نٹالی اے بیکر، مسٹر اینڈ مسز انصر جنید اور تمام معزز مہمانوں کا تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانے میں جنید فیملی فاؤنڈیشن کے تعاون کو بھی سراہا۔
چیمپئن شپ کا کامیاب اختتام پاکستان ٹینس فیڈریشن کی ان کوششوں میں ایک اور اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے جن کا مقصد خواتین ٹینس کو فروغ دینا، پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مسابقت کے مواقع فراہم کرنا اور پاکستان کو عالمی ٹینس ایونٹس کے میزبان کے طور پر مضبوط بنانا ہے۔
