راولپنڈی اور نیو مری کے طلبہ کے وفود کا پارلیمنٹ ہاؤس کا مطالعاتی دورہ

newsdesk
3 Min Read
راولپنڈی اور نیو مری کے اسکولوں کے وفود نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کا مطالعاتی دورہ کیا۔

اسلام آباد (29 اکتوبر 2026ء) کیپیٹل لائسیم دی ایلیگنٹ اسکول راولپنڈی اور سپیریئر درخشاں ہائی سکول، چہران نیو مری کے طلبہ و طالبات نے اپنے فیکلٹی ممبران کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے الگ الگ مطالعاتی دورے کیے۔ پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر سینیٹ سیکرٹریٹ کے حکام نے دونوں وفود کا خیرمقدم کیا۔

کیپیٹل لائسیم دی ایلیگنٹ اسکول راولپنڈی کے وفد میں 12 طلبہ و طالبات شامل تھے، جن کے ہمراہ 6 فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔ وفد کو سینیٹ میوزیم کے دورے کے دوران پارلیمنٹ کے طریقہ کار، قانون سازی کے عمل، سینیٹ کی آئینی ذمہ داریوں اور قائمہ کمیٹیوں کے کردار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ طلبہ کو سینیٹ کی تاریخ، اہم واقعات اور پارلیمانی ارتقاء سے متعلق ایک جامع ڈاکیومنٹری بھی دکھائی گئی۔

بعد ازاں راولپنڈی کے وفد نے ”گلی دستور“ کا دورہ کیا، جہاں آئین پاکستان کی تشکیل اور آئینی تاریخ کے اہم مراحل سے متعلق معلومات فراہم کی گئیں۔ وفد نے سینیٹ ہال میں جاری اجلاس کا مشاہدہ بھی کیا۔ طلبہ و طالبات نے دورے کو نہایت معلوماتی اور مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے دورے نوجوان نسل میں جمہوری اقدار، قانون سازی اور پارلیمانی نظام کی اہمیت کو اجاگر کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

اسی طرح سپیریئر درخشاں ہائی سکول، چہران نیو مری کے 45 رکنی طلبہ و طالبات کے وفد نے 13 فیکلٹی ممبران کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا۔ وفد کو سینیٹ میوزیم لے جایا گیا، جہاں پاکستان کی پارلیمانی تاریخ اور ایوان بالا کے کردار پر مبنی معلوماتی ڈاکیومنٹری دکھائی گئی۔ وفد کو ایوان بالا کے قانون سازی کے عمل اور کام کے طریقہ کار پر جامع بریفنگ بھی دی گئی۔

نیو مری کے وفد نے گلی دستور کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں پاکستان کے آئینی ارتقاء اور تاریخی قوانین کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ بعد ازاں وفد کو سینیٹ ہال کا دورہ کرایا گیا اور سینیٹ اجلاس کی کارروائی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وفد نے سینیٹ کی کارکردگی، پارلیمانی روایات اور جمہوری عمل میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ طلبہ اور فیکلٹی ممبران نے سینیٹ حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دورے کو یادگار اور مفید قرار دیا۔

Share This Article