پاکستان جرمنی پارلیمانی رابطوں کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق

newsdesk
2 Min Read
پاکستان جرمنی پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے ارکان نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں جرمن سفیر سے ملاقات کی۔

اسلام آباد، بدھ 28 اکتوبر 2026: پاکستان جرمنی پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے کنوینر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ کی قیادت میں پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں جرمن سفیر سے ملاقات ہوئی، جس میں پارلیمانی روابط کے فروغ اور دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں اراکین قومی اسمبلی محمد الیاس چوہدری، محمد ریاض فتیانہ، ڈاکٹر شاہدہ رحمانی اور محترمہ نتاشا دولتانہ بھی شریک تھیں۔

جرمن سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر نے پاکستان اور جرمنی کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2026 میں دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونا باہمی روابط کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ سید غلام مصطفیٰ شاہ نے پارلیمانی وفود اور ادارہ جاتی رابطوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ جرمن بنڈسٹاگ میں بھی اسی نوعیت کا فرینڈشپ گروپ قائم کیا جائے گا۔

جرمن سفیر نے پارلیمانی سفارت کاری کے حوالے سے پاکستان کے عزم کو سراہا اور ترقیاتی تعاون، موسمیاتی تبدیلی، قابل تجدید توانائی، فنی تربیت اور اسکلز ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں جرمنی کے تعاون کا اعادہ کیا۔

ملاقات کے دوران تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے، برآمدات سے متعلق مسائل کے حل اور پاکستانی مصنوعات کی یورپی منڈیوں تک رسائی میں جی ایس پی پلس کی اہمیت پر بھی بات چیت کی گئی۔ دونوں جانب سے تعلیمی تعاون، اسکالرشپس، عوامی سطح پر روابط، خواتین کو بااختیار بنانے اور انٹرپرینیورشپ کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کے اختتام پر دونوں فریقوں نے پارلیمانی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور اہم شعبوں میں باہمی مفاد پر مبنی تعاون آگے بڑھانے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔

Share This Article