بارانی زرعی یونیورسٹی اور بائر کراپ سائنس کے اشتراک سے زرعی بائیو ٹیکنالوجی پر اعلیٰ سطحی نشست

newsdesk
3 Min Read
بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں بائر کراپ سائنس کے تعاون سے زرعی بائیو ٹیکنالوجی اور پائیدار زرعی تبدیلی پر اعلیٰ سطحی نشست منعقد ہوئی۔

راولپنڈی: پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی نے بائر کراپ سائنس کے تعاون سے ایک اعلیٰ سطحی اکیڈیمیا۔انڈسٹری راؤنڈ ٹیبل کا اہتمام کیا جس کا عنوان ’’پاکستان میں زرعی بائیو ٹیکنالوجی، اختراعی گورننس اور پائیدار زرعی تبدیلی‘‘ تھا۔ اس نشست کا مقصد بین الاقوامی تعلیمی اور صنعتی روابط کو مزید فروغ دینا اور زرعی تحقیق، ٹیکنالوجی میں جدت اور پائیدار زرعی ترقی کے امکانات کا جائزہ لینا تھا۔

راؤنڈ ٹیبل میں بین الاقوامی صنعتی نمائندوں، یونیورسٹی کی قیادت اور تعلیمی ماہرین نے شرکت کی۔ شرکاء نے تحقیق میں اشتراک، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور پاکستان کے زرعی شعبے کو پائیدار بنیادوں پر آگے بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے کہا کہ زرعی شعبے میں ابھرتے ہوئے چیلنجز کے حل کے لیے بین الاقوامی تعلیمی شراکت داری اور اکیڈیمیا۔انڈسٹری تعاون نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعات کو علمی تحقیق اور صنعتی تجربے کے درمیان فعال رابطہ قائم کرنا ہوگا تاکہ سائنسی علم کو عملی حل کی صورت میں کسانوں اور زرعی شعبے تک پہنچایا جا سکے۔

پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے مزید کہا کہ زرعی بائیو ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، جدید تحقیقی طریقے اور نئی ٹیکنالوجیز پاکستان کے زرعی منظرنامے میں نمایاں تبدیلی لانے کی بڑی صلاحیت رکھتی ہیں۔

اس موقع پر بائر ساؤتھ ایسٹ ایشیا پرائیویٹ لمیٹڈ سنگاپور کے ڈائریکٹر اور آسیان و اے این زیڈ کلسٹر لیڈ برائے قانون، پیٹنٹس و کمپلائنس مسٹر ڈیوڈ بلانکو جمنیز نے بھی مباحثے میں بھرپور حصہ لیا۔ انہوں نے لائف سائنسز کے شعبے میں 29 سال سے زائد بین الاقوامی تجربے کی بنیاد پر زرعی بائیو ٹیکنالوجی، جین ایڈیٹنگ، ریگولیٹری فریم ورکس، دانشورانہ املاک کے حقوق اور بین الاقوامی تعاون کے بارے میں اپنے خیالات پیش کیے۔

راؤنڈ ٹیبل کی نظامت شعبہ زرعی توسیع کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر انیلہ افضل نے کی۔ نشست کے دوران زرعی بائیو ٹیکنالوجی، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، ریگولیٹری گورننس، دانشورانہ ملکیت کے تحفظ، اکیڈیمیا۔انڈسٹری تعاون، عوامی آگاہی اور اسٹیک ہولڈرز کی استعداد کار بڑھانے جیسے موضوعات پر تعمیری گفتگو ہوئی۔

اختتامی کلمات میں ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر پروفیسر ڈاکٹر ایم اعظم خان نے بائر وفد اور یونیورسٹی قیادت کی جانب سے اس اہم مکالمے کے انعقاد کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اختراعی تحقیق، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور پائیدار زرعی طریقوں کے فروغ کے لیے جامعات اور صنعت کے باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانا ضروری ہے۔

Share This Article