اسلام آباد: وفاقی نظامت تعلیم کے ’’معرکۂ حق جشن آزادی 2025‘‘ پروگرام کے تحت ہونے والے ملی نغمہ مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ کو اعلان کردہ نقد انعام تاحال ادا نہ کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
یہ سولو سنگنگ اور ملی نغمہ مقابلہ 11 اگست 2025 کو انسٹیٹیوٹ آف ہوم اکنامکس آرٹ اینڈ ڈیزائن، ایف 7/1 اسلام آباد میں منعقد ہوا تھا۔ آئی ایم سی جی ایف 7/4 کی بی ایس پارٹ VII کی طالبہ عشرت فاطمہ نے مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
آئی ایم سی جی ایف 7/4 کے سرکاری فیس بک پیج پر 19 اگست 2025 کو عشرت فاطمہ کو کامیابی پر مبارکباد دی گئی اور ان کے لیے 30 ہزار روپے نقد انعام کا اعلان کیا گیا۔ طالبہ کو اس کامیابی پر میرٹ سرٹیفکیٹ بھی دیا گیا تھا۔
طالبہ کے والدین کے مطابق اعلان کے باوجود انعامی رقم اب تک ادا نہیں کی گئی۔ ان کا کہنا ہے کہ مقابلے کے بعد ہونے والے اعلان کے بعد سے خاندان رقم کی ادائیگی کا منتظر ہے۔
والدین نے پرنسپل آئی ایم سی جی، ڈائریکٹر ایف ڈی ای، وفاقی سیکرٹری تعلیم اور وفاقی وزیر تعلیم سے درخواست کی ہے کہ معاملے کا نوٹس لیا جائے اور طالبہ کو اعلان کردہ انعامی رقم کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایسے اعلانات پر بروقت عملدرآمد طلبہ کی حوصلہ افزائی کا باعث بنتا ہے اور تعلیمی و غیر نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کی پذیرائی میں مدد دیتا ہے۔
