اسلام آباد، 11 نومبر 2026ء: چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملک میں مستقبل کی قیادت تیار کرنے اور جمہوری عمل کو مضبوط بنیاد فراہم کرنے کے لیے طلبہ یونینز کی بحالی اور بااختیار بلدیاتی نظام کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اسلام آباد میں یونیسیف کے زیر اہتمام ’’عوامی اخراجات کے انتظام میں پارلیمانی نگرانی کو مضبوط بنانے‘‘ کے موضوع پر منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ نچلی سطح پر قیادت پیدا کرنے والے ادارے غیر فعال ہو چکے ہیں، جنہیں دوبارہ متحرک کیے بغیر قیادت کے موجودہ خلا کو پُر کرنا ممکن نہیں۔
انہوں نے اپنے سیاسی سفر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سیاست کا آغاز مقامی سطح سے کیا اور مختلف آئینی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے وزیراعظم پاکستان کے منصب تک پہنچے۔ ان کے مطابق ضلع اور تحصیل کی سطح پر مضبوط بلدیاتی ادارے بہتر حکمرانی، شفافیت، احتساب اور عوامی فنڈز کے مؤثر استعمال کے لیے بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عوامی وسائل کا شفاف، مؤثر اور ذمہ دارانہ استعمال پارلیمان کی آئینی ذمہ داری ہے اور عوامی اعتماد برقرار رکھنے کے لیے بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پارلیمان کا کردار صرف بجٹ کی منظوری تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ یہ دیکھنا بھی ضروری ہے کہ قومی وسائل درست انداز میں استعمال ہوں اور ان کے فوائد عوام تک پہنچیں۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ محض بجٹ مختص کر دینے سے ترقیاتی نتائج حاصل نہیں ہوتے۔ اس کے لیے فنڈز کا بروقت اجرا، اداروں کی ذمہ دارانہ کارکردگی اور عوامی اخراجات کے نتیجے میں شہریوں کی زندگیوں میں واضح بہتری ضروری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ قومی خزانے سے خرچ ہونے والا ہر روپیہ کفایت شعاری، کارکردگی اور مؤثریت کے اصولوں کے مطابق نتائج دے۔
پاکستان کو درپیش ترقیاتی چیلنجز اور محدود مالی وسائل کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے تعلیم، صحت، غذائیت، صفائی اور سماجی تحفظ جیسے شعبوں میں پارلیمانی نگرانی کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمانی کمیٹیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ یہ یقینی بنائیں کہ وسائل مستحق طبقات تک پہنچیں اور ان مقاصد کے لیے استعمال ہوں جن کے لیے انہیں مختص کیا گیا ہے۔
پائیدار ترقی کے ہدف 16 کا حوالہ دیتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ جوابدہ، شفاف اور مؤثر ادارے پائیدار ترقی کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹیوں پر زور دیا کہ وہ صرف مالی بے ضابطگیوں کی نشاندہی تک محدود نہ رہیں بلکہ ان بے ضابطگیوں کی بنیادی وجوہات کا بھی جائزہ لیں، جن میں کمزور منصوبہ بندی، داخلی کنٹرول کی خامیاں، خریداری کے طریقہ کار میں کمزوریاں اور منصوبوں پر عملدرآمد کے مسائل شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹیوں کو ادارہ جاتی اصلاحات اور اصلاحی اقدامات کی سفارشات بھی پیش کرنی چاہئیں۔ آڈٹ اعتراضات سے متعلق انہوں نے کہا کہ انہیں مالی اہمیت، بار بار دہرائی جانے والی بے ضابطگیوں، نظامی کمزوریوں اور عوامی مفاد پر اثرات کی بنیاد پر ترجیح دی جانی چاہیے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے پارلیمانی کمیٹیوں کو مضبوط بنانے کے لیے پیشہ ورانہ معاونت، قابل اعتماد معلومات تک رسائی، آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے دفتر کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری، ارکان کی استعداد کار میں اضافہ اور بجٹ کے جائزے کے لیے تجزیاتی صلاحیتوں میں بہتری کو ضروری قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی احتساب غیر جانبدار، شواہد پر مبنی اور تعمیری ہونا چاہیے تاکہ اداروں کی کارکردگی اور عوامی خدمات کی فراہمی میں بہتری لائی جا سکے۔
ورکشاپ سے پنجاب اسمبلی کے اسپیکر ملک محمد احمد خان، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال، آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر چوہدری طارق فاروق، آڈیٹر جنرل آف پاکستان مقبول احمد گوندل اور پاکستان میں یونیسیف کی نمائندہ محترمہ پرنیل آئرن سائیڈ سمیت دیگر نمایاں شرکا نے بھی خطاب کیا۔
اپنے اختتامی کلمات میں چیئرمین سینیٹ نے پارلیمانی نگرانی، شفافیت اور عوامی مالیاتی احتساب کے فروغ کے لیے یونیسیف کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ورکشاپ قومی وسائل کے مؤثر استعمال اور عوام کی زندگیوں میں بامعنی بہتری کے لیے قابل عمل سفارشات مرتب کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
