اسلام آباد، 11 نومبر 2026ء: انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) نے ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کے تحت شہریوں کو سہولت فراہم کرنے اور خدمات کی فراہمی کو مزید شفاف بنانے کے لیے ڈیجیٹل قطار مینجمنٹ سسٹم کا افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب آئی بی سی سی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جہاں وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے ایڈیشنل سیکرٹری حسن ثقلین نے آئی بی سی سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام علی ملاح کے ہمراہ نئے نظام کا افتتاح کیا۔
یہ اقدام وفاقی سیکرٹری ندیم محبوب کی ہدایات پر متعارف کرایا گیا ہے، جس کا مقصد آئی بی سی سی کے تمام چھ مراکز میں عوامی خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔ نئے نظام کے ذریعے درخواست گزاروں کو ڈیجیٹل ٹوکنز، کیو آر کوڈ کی مدد سے قطار کی نگرانی، انتظار کے وقت سے متعلق فوری معلومات، ایس ایم ایس اور واٹس ایپ نوٹیفکیشنز کی سہولت میسر آئے گی۔
نظام کے تحت بزرگ شہریوں اور معذور افراد کے لیے ترجیحی خدمات بھی فراہم کی جائیں گی، تاکہ انہیں کم وقت میں بہتر سہولت حاصل ہو سکے۔
اس موقع پر ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کہا کہ ان شاء اللہ آئی بی سی سی بتدریج ایک ایسے نظام کی طرف بڑھ رہا ہے جہاں طلبہ اور درخواست گزار غیر ضروری دفتری چکروں کے بغیر ڈیجیٹل انداز میں خدمات حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیٹر فری آئی بی سی سی وزارت کی اہم ترجیح ہے اور یہ اقدام وزیراعظم کے ڈیجیٹل پاکستان وژن سے وابستگی کا اظہار ہے۔
آئی بی سی سی کے مطابق یہ منصوبہ کم انتظار، زیادہ شفافیت، بہتر سہولت اور شہریوں کو مرکز میں رکھنے والی ڈیجیٹل خدمات کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
