میڈیکیم گروپ کا آر سی اے کے کے مزید کرکٹ ٹورنامنٹس کی سرپرستی جاری رکھنے کا اعلان

newsdesk
5 Min Read
نیا ناظم آباد جمخانہ گراؤنڈ میں آر سی اے کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت میڈیکیم ٹرافی انڈر 19 انٹر زونل ٹورنامنٹ کا افتتاح ہوا۔

کراچی: میڈیکیم گروپ آف کمپنیز کے ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ ایکسٹرنل افیئرز ظفر ریاض باری نے کہا ہے کہ میڈیکیم گروپ مستقبل میں انڈر 15، انڈر 17 اور انڈر 19 ٹورنامنٹس کے علاوہ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے دیگر کرکٹ ٹورنامنٹس کو بھی اسپانسر کرتا رہے گا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو نیا ناظم آباد جمخانہ گراؤنڈ میں آر سی اے کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے آخری مرحلے، میڈیکیم ٹرافی انڈر 19 انٹر زونل کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ظفر ریاض باری نے آر سی اے کراچی کے عہدیداران کو ہر ٹورنامنٹ کامیابی سے منعقد کرانے پر مبارکباد دی۔

اس موقع پر ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے نائب صدر سید محمد طلحہ نے کرکٹرز کو فٹنس پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں کرکٹ کے فروغ کے لیے نیا ناظم آباد جمخانہ آر سی اے کے کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔

آر سی اے کراچی کے سیکریٹری علی حسین نے کہا کہ کراچی کے نوجوان کھلاڑی ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ اس ٹورنامنٹ میں اپنی بہترین کارکردگی دکھائیں تاکہ مستقبل میں انہیں شہر کی نمائندگی کا موقع مل سکے۔

ٹورنامنٹ کمیٹی کے چیئرمین خالد نفیس نے کہا کہ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے صدر ندیم عمر کا وژن ہے کہ کراچی میں کلب کرکٹ کے مقابلے ہر سطح پر منعقد کیے جائیں۔ اسی وژن کے تحت کراچی کے تمام سات زونز میں کلب کرکٹ ٹورنامنٹس جاری ہیں، جن کے ذریعے نئے ٹیلنٹ کو آگے آنے کے مواقع مل رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ندیم عمر کی ہدایت پر انڈر 19 ٹورنامنٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کے لیے خصوصی کوچنگ کیمپس بھی منعقد کیے جائیں گے۔

آر سی اے کراچی کے جوائنٹ سیکریٹری محمد توصیف صدیقی نے کہا کہ انڈر 15 اور انڈر 17 کے بعد اب انڈر 19 ٹورنامنٹ کے میچز بھی ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے یوٹیوب چینل پر براہ راست دکھائے جائیں گے۔ انہوں نے آر سی اے کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کو اسپانسر کرنے پر میڈیکیم گروپ آف کمپنیز کا شکریہ ادا کیا، جبکہ تمام زونل عہدیداران، خصوصاً خالد نفیس اور اعظم خان کے بھرپور تعاون کو بھی سراہا۔ تقریب سے آر سی اے کراچی کے کوآرڈینیٹر اعظم خان نے بھی خطاب کیا۔

بعدازاں افتتاحی میچ میں زون فور بلیوز نے زون فائیو بلیوز کو 31 رنز سے شکست دے دی۔ زون فور بلیوز نے 40 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔ سردار عبداللہ نے 5 چوکوں کی مدد سے 58 رنز اسکور کیے، علی حمزہ نے 25 اور فرزام نے 22 رنز بنائے۔ زون فائیو بلیوز کی جانب سے ایس ایم علی مہدی نے 28 رنز کے عوض 2، رافع تاج نے 31 رنز کے عوض 2 اور راشد نے 33 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں زون فائیو بلیوز کی ٹیم 35.1 اوورز میں 168 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ سید حسنین نے 28 اور عابد نے 23 رنز بنائے۔ زون فور بلیوز کی طرف سے محراب نے 27 رنز دے کر 2 اور ارباز نے 51 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سردار عبداللہ کو میڈیکیم مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔

تقریب میں آر سی اے کے اسسٹنٹ سیکریٹری محمد ریحان صدیقی، زون سکس کے صدر صائم احمد، زون فور کے صدر مسرت رضا، زون فائیو کے سیکریٹری محمد سعید جبار، زون سکس کے سابق صدر ضیا احمد صدیقی، زون فور کے نائب صدر ایس ایم عاصم، زون ون کے سیکریٹری عمر توصیف، زون فائیو کے جوائنٹ سیکریٹری شہباز قریشی، زون ٹو کے سابق خازن ظفر خان، زون سیون کے سابق سیکریٹری ایس اے فہیم، زون سیون کے خازن زیب اقبال، نوید الامین سمیت شہر کی دیگر معزز شخصیات اور کھلاڑیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

Share This Article