راولپنڈی ون ڈے میں سلمان آغا کی سنچری، پاکستان نے سری لنکا کو 37 رنز سے مات دے دی

newsdesk
6 Min Read
سلمان علی آغا کی سنچری نے پاکستان کو راولپنڈی میں سری لنکا کے خلاف فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

راولپنڈی: سلمان علی آغا کی شاندار سنچری اور بولرز کی نپی تلی کارکردگی کی بدولت پاکستان نے اتوار کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ون ڈے سہ ملکی سیریز کے افتتاحی میچ میں سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دے دی۔

پاکستان کے 306 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم 48.1 اوورز میں 268 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ کپتان شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں پاکستانی بولنگ اٹیک نے اہم مواقع پر وکٹیں حاصل کر کے میچ پر گرفت برقرار رکھی۔

سری لنکا کی اننگز کا آغاز اوپنرز اویشکا فرنینڈو اور کامندو مینڈس نے کیا۔ دونوں نے پہلی وکٹ پر 30 رنز جوڑے، تاہم چھٹے اوور میں اویشکا فرنینڈو 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ کپتان کوسل مینڈس نے کامندو کے ساتھ 36 رنز کی شراکت قائم کی، مگر فہیم اشرف نے کوسل کو 18 رنز پر پویلین بھیج دیا اور سری لنکا کا اسکور 66 رنز پر 2 وکٹ ہوگیا۔

کامندو مینڈس 50 گیندوں پر 44 رنز بنا کر شاہین آفریدی کا شکار بنے۔ شاہین نے اس کے بعد سہان آراچچیگے کو بھی 3 رنز پر آؤٹ کیا، جس کے بعد سری لنکا 91 رنز پر 4 وکٹوں سے محروم ہوچکا تھا۔

اس مرحلے پر پون رتھنائیکے اور جنیت لیاناگے نے پانچویں وکٹ کے لیے 119 رنز کی اہم شراکت قائم کر کے سری لنکا کو 200 کے ہندسے سے آگے پہنچایا۔ رتھنائیکے نے اپنے ون ڈے کیریئر کی پہلی نصف سنچری مکمل کی اور 74 گیندوں پر 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 79 رنز بنائے، تاہم فہیم اشرف نے یہ شراکت توڑ دی۔

جنیت لیاناگے نے مزاحمت جاری رکھی اور اپنے ون ڈے کیریئر کی آٹھویں نصف سنچری بنائی۔ داسن شناکا نے بھی تیز رنز کا اضافہ کیا۔ دونوں کے درمیان 43 رنز کی شراکت اس وقت ختم ہوئی جب حارث رؤف نے لیاناگے کو 74 گیندوں پر 60 رنز پر آؤٹ کیا۔ ان کی اننگز میں 5 چوکے شامل تھے اور سری لنکا کا اسکور 253 رنز پر 6 وکٹ ہوگیا۔

شاہین آفریدی نے بعد ازاں داسن شناکا کو 18 گیندوں پر 28 رنز پر آؤٹ کیا۔ شناکا کی اننگز میں 3 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ نسیم شاہ نے سچندو کولمبگے کو ایک رن پر آؤٹ کیا، جبکہ بیٹرز کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں ایشان ملنگا 2 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔

حارث رؤف نے اسیتھا فرنینڈو کو 7 رنز پر آؤٹ کر کے سری لنکن اننگز کا خاتمہ کیا اور پاکستان کی 37 رنز سے کامیابی یقینی بنائی۔ شاہین آفریدی نے 10 اوورز میں 55 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ نسیم شاہ، حارث رؤف اور فہیم اشرف نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل سری لنکا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی اننگز کا آغاز فخر زمان اور صائم ایوب نے کیا۔ دونوں نے 23 رنز کا اضافہ کیا، مگر چوتھے اوور میں دلشان مدوشنکا نے صائم ایوب کو 7 رنز پر آؤٹ کردیا۔ مدوشنکا نے چھٹے اوور میں فخر زمان کو بھی 16 رنز پر پویلین بھیج دیا اور پاکستان 32 رنز پر 2 وکٹیں گنوا بیٹھا۔

اس دباؤ کے بعد بابر اعظم اور ڈیبیو کرنے والے سعد بیگ نے اننگز کو سنبھالا۔ دونوں نے تیسری وکٹ کے لیے 74 رنز جوڑے اور پاکستان کو 100 رنز سے آگے پہنچایا۔ ایشان ملنگا نے بابر اعظم کو 57 گیندوں پر 45 رنز پر آؤٹ کر کے یہ شراکت ختم کی۔ بابر کی اننگز میں 6 چوکے شامل تھے۔ ملنگا نے سعد بیگ کو بھی 40 گیندوں پر 39 رنز پر آؤٹ کیا، جنہوں نے 3 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔

بعد ازاں سلمان علی آغا اور حسن نواز نے پاکستانی اننگز کی تعمیر نو کی۔ دونوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 97 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا مجموعہ 200 سے آگے لے گئے۔ حسن نواز 49 گیندوں پر 37 رنز بنا کر اسیتھا فرنینڈو کا شکار بنے، اس وقت پاکستان کا اسکور 215 رنز پر 5 وکٹ تھا۔

سلمان علی آغا نے اس کے بعد رنز بنانے کی رفتار بڑھائی۔ انہوں نے عرفات منہاس کے ساتھ 64 رنز جوڑے۔ عرفات منہاس نے 15 گیندوں پر 18 رنز بنائے۔ سلمان نے اس دوران اپنے ون ڈے کیریئر کی چوتھی سنچری مکمل کی۔ اسیتھا فرنینڈو نے پہلے عرفات منہاس کو آؤٹ کیا اور پھر سلمان علی آغا کی اننگز بھی ختم کی۔ سلمان نے 90 گیندوں پر 107 رنز بنائے، جن میں 10 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

ایشان ملنگا نے فہیم اشرف کو 6 رنز پر آؤٹ کر کے اپنی تیسری وکٹ حاصل کی، پھر نسیم شاہ صفر پر آؤٹ ہوئے تو ملنگا ہیٹ ٹرک کے قریب پہنچ گئے۔ حارث رؤف کے خلاف ہیٹ ٹرک گیند پر ایل بی ڈبلیو کی اپیل کامیاب نہ ہوسکی۔

کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 12 گیندوں پر ناقابل شکست 13 رنز بنائے اور پاکستان کا مجموعہ 300 سے آگے پہنچانے میں حصہ ڈالا۔ آخری گیند پر حارث رؤف رن آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا نے 9.5 اوورز میں 46 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، اسیتھا فرنینڈو نے 3 اور دلشان مدوشنکا نے 2 وکٹیں لیں۔

Share This Article