لاہور: نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں منگل کے روز دسویں شہریار ملک میموریل پاکستان اوپن ٹینس چیمپئن شپ 2026 کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا، جبکہ پہلے روز عشنا سہیل، مہک کھوکھر، بسمل ضیا اور فجر فیاض نے لیڈیز سنگلز کے پری کوارٹر فائنلز میں کامیابیاں حاصل کر کے اگلے مرحلے کے لیے راہ ہموار کر لی۔
چیمپئن شپ کا افتتاح پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے رکن فضل الرحمٰن نے بطور مہمان خصوصی کیا۔ افتتاحی تقریب میں ٹینس کی نمایاں شخصیات بھی موجود تھیں جن میں ستارہ امتیاز اور تمغہ امتیاز یافتہ راشد ملک، سینئر ایگزیکٹو نائب صدر پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن، راؤ افتخار احمد، عمران صدیقی، وقار نثار، سہیل ملک، سعید حسن، محبوب وحید اور ٹورنامنٹ کوآرڈینیٹر فہیم صدیقی شامل تھے۔ کھلاڑی، ان کے والدین اور ٹینس کے شائقین بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
مہمان خصوصی فضل الرحمٰن نے راشد ملک کے مرحوم صاحبزادے کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا، جن کی یاد میں پاکستان کی اہم قومی ٹینس چیمپئن شپس میں سے ایک کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے پنجاب میں ٹینس کے فروغ کے لیے راشد ملک کی غیر معمولی لگن اور مسلسل کاوشوں کو بھی سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو راشد ملک جیسے زیادہ پرعزم اور صاحب بصیرت اسپورٹس آرگنائزرز کی ضرورت ہے جو کھیلوں کی نرسریاں قائم کرنے، نوجوان ٹیلنٹ کو نکھارنے اور ملک بھر میں کھیلوں کو فروغ دینے میں کردار ادا کر سکیں۔
اس موقع پر راشد ملک نے شریک کھلاڑیوں کا خیرمقدم کیا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ مقابلوں کے دوران عزم، نظم و ضبط اور اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کریں۔ راشد ملک نے اعتماد ظاہر کیا کہ یہ چیمپئن شپ ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو قیمتی مسابقتی تجربہ فراہم کرے گی اور انہیں بین الاقوامی چیلنجز کے لیے تیار کرنے میں مدد دے گی۔
افتتاحی روز مینز سنگلز، مینز ڈبلز اور لیڈیز سنگلز کے پری کوارٹر فائنل مقابلے کھیلے گئے۔ لیڈیز سنگلز میں ٹاپ کنٹینڈر عشنا سہیل نے شاہ نور عمر کو 6-0، 6-1 سے شکست دی۔ مہک کھوکھر نے انابیہ بیگ کے خلاف 6-0، 6-0 سے یکطرفہ کامیابی حاصل کی، بسمل ضیا نے صائمہ تحسین کو 6-0، 6-0 سے زیر کیا جبکہ فجر فیاض نے زیناہ عبداللہ کو 7-5، 6-4 سے شکست دے کر اگلے مرحلے میں جگہ بنا لی۔
مینز سنگلز میں محمد شعیب نے جابر علی کو 6-2، 6-2 سے ہرایا، ابوبکر طلحہ نے علی طلحہ کے خلاف 6-3، 6-2 سے کامیابی حاصل کی جبکہ یوسف خلیل نے ایم جنید کو 6-0، 6-0 سے شکست دی۔ ایم حذیفہ خان نے عمران بھٹی کو 6-2، 6-1 سے مات دی، ہیرا عاشق نے عثمان رفیق کو 6-1، 6-0 سے زیر کیا جبکہ مدثر مرتضیٰ نے عزیر خان کو 6-1، 6-1 سے ہرایا۔ اسد زمان نے ایم طلحہ خان کو 7-6، 6-3 سے شکست دی جبکہ برکت اللہ نے اسد اللہ کے خلاف 6-2، 6-2 سے کامیابی سمیٹی۔
مینز ڈبلز میں بھی دلچسپ مقابلے دیکھنے میں آئے۔ ایم عابد اور عبداللہ عدنان نے شہریار انیس اور جابر علی کو 6-4، 6-0 سے شکست دی، جبکہ طلحہ خان اور حذیفہ خان نے کاشف رحمت اور حمزہ نعیم کو 6-1، 6-0 سے ہرایا۔ عمر بابر اور احتشام عارف نے ایک سخت مقابلے کے بعد سمی زیب اور سیف اللہ کو 7-6، 4-6، 10-8 سے زیر کیا۔ احمد بابر اور ہیرا عاشق نے حمزہ خان اور کامران خلیل کے خلاف 6-1، 6-2 سے کامیابی حاصل کی جبکہ عمران بھٹی اور اسد زمان نے اسد اللہ اور عزیر خان کو 6-1، 6-2 سے شکست دی۔
