کام کی جگہ ہراسانی اور صنفی امتیاز کے خلاف تحفظ پر قومی اسمبلی میں قرارداد پیش

newsdesk
3 Min Read
ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے قومی اسمبلی میں کام کی جگہ ہراسانی اور صنفی امتیاز کے خلاف تحفظ سے متعلق قرارداد پیش کی۔

اسلام آباد، 30 اکتوبر 2026ء — رکن قومی اسمبلی اور ویمنز پارلیمانی کاکس کی سیکریٹری ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے قومی اسمبلی پاکستان میں ایک قرارداد پیش کی ہے جس میں کام کی جگہ ہر قسم کی ہراسانی اور صنفی بنیاد پر امتیازی سلوک کے خلاف ہر فرد کے وقار، مساوات اور حقوق کے تحفظ سے متعلق پارلیمان کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔

قرارداد میں واضح کیا گیا ہے کہ کام کی جگہ ہراسانی صرف جنسی نوعیت کے رویے تک محدود نہیں بلکہ یہ صنفی امتیاز، دھمکی، تذلیل، توہین آمیز سلوک، معاندانہ رویے اور اختیارات کے غلط استعمال کی صورت میں بھی سامنے آ سکتی ہے، خواہ اس کی نوعیت جنسی ہو یا غیر جنسی۔

قرارداد میں تحفظِ خواتین برائے ہراسانی مقامِ کار ایکٹ 2010ء، جس میں 2022ء میں ترمیم کی گئی، کے تحت فراہم کردہ قانونی تحفظات اور قانون سازی کے مقصد کا دوبارہ اعادہ کیا گیا ہے۔ قرارداد کے مطابق یہ قانون ہراسانی کے قانونی دائرہ کار میں صنف کی بنیاد پر امتیاز کو، خواہ وہ جنسی ہو یا غیر جنسی، واضح طور پر تسلیم کرتا ہے۔

قرارداد میں اس امر پر بھی زور دیا گیا ہے کہ جنسی پیش قدمی یا مطالبے کی عدم موجودگی، صنفی بنیاد پر ہراسانی یا امتیازی سلوک کی سنگینی کو کم نہیں کرتی۔ متن کے مطابق افراد کے وقار کو ہراسانی کی مختلف صورتوں کے درمیان تنگ تقسیم کے تابع نہیں کیا جا سکتا اور قانون کے دائرہ کار میں آنے والے ہر طرزِ عمل سے یکساں سنجیدگی، انصاف اور جوابدہی کے ساتھ نمٹا جانا چاہیے۔

اس قرارداد کے ذریعے قومی اسمبلی سے کہا گیا ہے کہ وہ وفاقی حکومت اور تمام متعلقہ اداروں پر زور دے کہ موجودہ قانون سازی پر اس کے مکمل دائرہ کار کے مطابق مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جائے، تاکہ کسی بھی فرد کو صرف اس بنیاد پر قانونی تحفظ سے محروم نہ رکھا جائے کہ رپورٹ کی گئی ہراسانی یا صنفی امتیاز غیر جنسی نوعیت کا ہے۔

یہ اقدام ویمنز پارلیمانی کاکس کے اس وسیع تر عزم کو بھی تقویت دیتا ہے کہ پاکستان بھر میں کام کی جگہوں کو ہراسانی، دھمکی، تذلیل اور امتیازی سلوک سے پاک بنایا جائے۔

قرارداد کے اختتام پر اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ ہراسانی، تذلیل اور صنفی امتیاز سے پاک کام کی جگہ کوئی رعایت نہیں بلکہ انسانی وقار، مساوات اور انصاف کا بنیادی تقاضا ہے۔

Share This Article