اسلام آباد، 17 نومبر 2026ء: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے بنگلہ دیشی سول سروس افسران کے وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر ایم ڈی اقبال حسین خان بھی موجود تھے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے دوطرفہ تعاون، ادارہ جاتی روابط اور عوامی سطح پر رابطوں کو فروغ دینا نہایت اہم ہے۔
ملاقات کے دوران سردار ایاز صادق نے وفد کو پاکستان کے پارلیمانی نظام، قانون سازی کے طریقہ کار اور قومی اسمبلی کی ساخت کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے قائمہ کمیٹیوں کے کردار، ایس ڈی جیز سیکرٹریٹ اور پارلیمانی کاکسز کی کارکردگی پر بھی روشنی ڈالی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں اپنی قیادت میں متعارف کرائی گئی انتظامی اور انسانی وسائل سے متعلق اصلاحات سے بھی وفد کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان اقدامات کا مقصد سروس اسٹرکچر کو بہتر بنانا، بھرتیوں اور تقرریوں میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانا، ملازمین کی ترقی کے عمل کو منظم کرنا، کیریئر پروگریشن میں بہتری لانا، سروس سے متعلق امور کو حل کرنا اور انتظامی طریقہ کار میں اصلاحات کے ذریعے ادارہ جاتی کارکردگی کو مضبوط بنانا ہے۔ ان کے مطابق یہ اقدامات سیکرٹریٹ میں زیادہ شفاف، مؤثر اور ملازم دوست ماحول کے فروغ کے لیے کیے گئے ہیں۔
سردار ایاز صادق نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام محبت، خیرسگالی اور قربت کے گہرے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر وہ بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم بیگم خالدہ ضیاء کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے بنگلہ دیش گئے تھے، جہاں بنگلہ دیشی عوام کی محبت، خلوص اور مہمان نوازی نے ان پر دیرپا اثر چھوڑا۔
علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام کے فالس فلیگ واقعے کے بعد بھارت نے پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کو چیلنج کیا، جس پر پاکستان نے مئی 2025ء میں بھارت کی بلاجواز جارحیت کا بھرپور جواب دیا۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کو بین الاقوامی قانون اور معاہداتی ذمہ داریوں کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔
اسپیکر نے کہا کہ سول سرونٹس کسی بھی ملک کے انتظامی نظام اور ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کے سول سروس وفود کے تبادلے دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کے مفید مواقع فراہم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل روابط اور ادارہ جاتی تجربات کے تبادلے سے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعاون مزید مستحکم ہو سکتا ہے۔
بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر ایم ڈی اقبال حسین خان نے وفد کے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر اسپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے لیے بنگلہ دیش کے عزم کا اعادہ کیا۔
بنگلہ دیشی وفد نے پاکستان کے پارلیمانی نظام میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور بنگلہ دیشی عوام کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کے خیرسگالی جذبات کو سراہا۔ وفد نے سردار ایاز صادق کی قیادت میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں متعارف کرائی گئی اصلاحات، خصوصاً سروس اسٹرکچر میں بہتری، میرٹ کے فروغ اور بھرتیوں و ترقیوں کے عمل میں شفافیت کے اقدامات کو بھی قابل قدر قرار دیا۔
