پاکستان اور ترکیہ کا تجارتی و سرمایہ کاری تعاون بڑھانے پر اتفاق

newsdesk
2 Min Read
اسلام آباد میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیراوغلو اور وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی کے درمیان ملاقات ہوئی۔

اسلام آباد، 13 نومبر 2026: پاکستان میں جمہوریہ ترکیہ کے سفیر عرفان نذیراوغلو نے آج اسلام آباد میں وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات بلال اظہر کیانی سے ملاقات کی۔

ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں تعاون سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ پاکستان نے 5 ارب امریکی ڈالر کے باہمی تجارتی ہدف پر اپنے عزم کا اعادہ کیا اور خصوصی اقتصادی زونز میں ترکیہ کی مزید سرمایہ کاری راغب کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیر مملکت نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں ترکیہ کی گہری دلچسپی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جانب موجود مضبوط سیاسی خیرسگالی کو بروئے کار لا کر باہمی تجارت کے حجم میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

بلال اظہر کیانی نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 میں ترک کمپنیوں کی فعال شرکت کو قابل قدر قرار دیا۔ انہوں نے ڈسکوز کی نجکاری میں ترک اداروں کی دلچسپی کو بھی سراہا۔

ملاقات میں میری ٹائم اور شپ بریکنگ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا، جہاں دونوں برادر ممالک کے لیے باہمی فائدے پر مبنی شراکت داری کے نمایاں مواقع موجود ہیں۔

دونوں جانب سے پاکستان ترکیہ ٹریڈ اِن گڈز ایگریمنٹ کی توسیع کے لیے کوششیں دوبارہ تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ فریقین نے سیاسی خیرسگالی کو عملی اہداف میں بدلنے اور بامعنی نتائج حاصل کرنے کے لیے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں یہ بھی طے پایا کہ پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لیے نئے امکانات کا جائزہ لینے کی غرض سے مزید ملاقاتیں کی جائیں گی۔

Share This Article