راولپنڈی: راولپنڈی ہوٹلز ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کی تقریبِ حلف برداری منعقد ہوئی جس میں تاجر رہنماؤں اور مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی مرکزی انجمن تاجران پنجاب کے صدر ملک شاہد غفور پراچہ تھے۔
تقریب میں سمال چیمبر آف کامرس اینڈ سمال انڈسٹری کے صدر رانا خرم، جنرل سیکرٹری راولپنڈی انجمن تاجران راجہ توحید، موبائل ایسوسی ایشن راولپنڈی کے صدر ساجد بٹ اور دیگر تاجر رہنما بھی موجود تھے۔
ملک شاہد غفور پراچہ نے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا۔ حلف اٹھانے والوں میں ہوٹلز ایسوسی ایشن راولپنڈی کے نومنتخب صدر راجہ محمود، چیئرمین چوہدری احمد رضا، وائس چیئرمین حفیظ چوہدری، جنرل سیکرٹری چوہدری رشید بانیان، نائب صدر شیر بان اکبر اور دیگر عہدیداران شامل تھے۔
اس موقع پر تاجر رہنماؤں نے نئی کابینہ کو مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ نومنتخب عہدیداران تاجر برادری اور ہوٹل مالکان کے مسائل کے حل، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور متعلقہ اداروں کے ساتھ بہتر روابط کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔
ملک شاہد غفور پراچہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، اس لیے حکومت اور متعلقہ اداروں کو تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے نومنتخب کابینہ کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
تقریب کے اختتام پر نومنتخب عہدیداران نے عزم ظاہر کیا کہ وہ ہوٹل انڈسٹری سے وابستہ افراد کے مسائل کے حل اور ایسوسی ایشن کو مزید فعال بنانے کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔
