پاکستانی فری لانسرز کے لیے پافلا اور ایچ بی ایل کا نیا اشتراک

newsdesk
4 Min Read
پافلا اور ایچ بی ایل نے پاکستان میں فری لانسرز کی معاونت اور فری لانسنگ ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔

کراچی: پاکستان فری لانسرز ایسوسی ایشن (پافلا) اور حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل) نے ملک بھر کے فری لانسرز کو بہتر بینکاری سہولیات فراہم کرنے اور پاکستان میں فری لانسنگ ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیے۔

معاہدے پر ایچ بی ایل کنیکٹ کے سربراہ فیصل ملک اور پافلا کے صدر، گلوبل سی آئی او ایوارڈ ونر ڈاکٹر عمران بتادا نے دستخط کیے۔ اس موقع پر ایچ بی ایل کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد نصیر سلیم، ایچ بی ایل کے ہیڈ ریٹیل عالی شان زیدی، پافلا کے شریک بانی و چیئرمین ابراہیم امین، پافلا کے شریک بانی فہد شیخ، پافلا کی چیف گروتھ اینڈ اسٹریٹجی فرحین فاطمہ اور دونوں اداروں کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔

مفاہمت کے تحت ایچ بی ایل، پافلا کے ارکان کو خصوصی بینکاری مصنوعات، فارن کرنسی اکاؤنٹس، بین الاقوامی ادائیگیوں کے حل اور ڈیجیٹل بینکاری خدمات فراہم کرنے میں سہولت دے گا۔

دونوں ادارے فری لانسرز کی اپ اسکلنگ کے لیے مالیاتی آگاہی ورکشاپس، تعلیمی سیشنز اور پیشہ ورانہ ترقی کے پروگرام بھی شروع کریں گے۔ پافلا اور ایچ بی ایل پاکستان بھر کے فری لانسرز میں پائیدار کاروباری رجحان، آمدنی میں اضافے اور معاشی بااختیاری کے فروغ کے لیے اقدامات کریں گے۔

معاہدے کے تحت مشترکہ تقریبات، کمیونٹی انگیجمنٹ، صنعتی شراکت داریوں اور آگاہی مہمات کے ذریعے پاکستان کے فری لانسنگ ایکو سسٹم کو مزید مضبوط بنانے پر بھی کام کیا جائے گا۔

اس موقع پر پافلا کے چیئرمین ابراہیم امین نے کہا کہ فری لانسرز ڈیجیٹل معیشت کا اہم حصہ بنتے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق فری لانسرز ملک میں زرمبادلہ لانے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور بے روزگاری میں کمی کے حوالے سے نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بینکاری اداروں کا کردار نہ صرف فری لانسرز کو بینکاری خدمات فراہم کرنے میں اہم ہے بلکہ اسکل ڈویلپمنٹ اور مالیاتی آگاہی جیسے اقدامات کے فروغ میں بھی کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

پاکستان میں فری لانسرز کی تعداد تقریباً 30 لاکھ ہے، جس کے باعث پاکستان دنیا کی چوتھی بڑی فری لانسنگ مارکیٹ شمار ہوتا ہے۔

ایچ بی ایل کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد نصیر سلیم نے کہا کہ فری لانسرز پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں بڑھتا ہوا اہم کردار ادا کر رہے ہیں، نئے مواقع پیدا کر رہے ہیں اور مقامی صلاحیت کو عالمی منڈیوں سے جوڑ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایچ بی ایل فری لانسرز کی ترقی کے لیے موزوں مالیاتی حل اور وسیع ڈیجیٹل شمولیت کے ذریعے معاونت کے لیے پرعزم ہے۔ ان کے مطابق مصنوعی ذہانت کام کے مستقبل کو نئی شکل دے رہی ہے، اس لیے فری لانسرز کی اپ اسکلنگ میں سرمایہ کاری اب اختیاری نہیں بلکہ ناگزیر ہو چکی ہے۔

محمد نصیر سلیم نے کہا کہ پافلا فری لانسرز کو مستقبل کے لیے تیار صلاحیتیں پیدا کرنے، تبدیلیوں سے نمٹنے اور پائیدار ترقی کے مواقع حاصل کرنے میں اہم معاون کا کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں اداروں کا مقصد فری لانسرز کو بااختیار بنانا اور پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو مضبوط کرنا ہے۔

Share This Article