راولپنڈی: پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سری لنکا کو چار وکٹ سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جمعہ کو کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم نے 183 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں حاصل کیا۔
پاکستان کی کامیابی میں کپتان صاحبزادہ فرحان نے مرکزی کردار ادا کیا۔ انہوں نے 53 گیندوں پر 89 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 4 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔ ماز صداقت نے بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 29 گیندوں پر 50 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو صاحبزادہ فرحان اور فخر زمان نے تیز آغاز فراہم کیا۔ دونوں اوپنرز نے پہلے پانچ اوورز میں 54 رنز بنا ڈالے۔ فخر زمان 13 گیندوں پر 21 رنز بنا کر ایشان ملنگا کا شکار بنے۔
پاکستان کا اسکور 54 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ تھا تو ماز صداقت وکٹ پر آئے۔ فرحان اور صداقت نے دوسری وکٹ کے لیے 92 رنز جوڑے اور سری لنکن بولرز کے خلاف آزادانہ اسٹروکس کھیلے۔ صداقت کو مہیش تھیکشنا نے ایل بی ڈبلیو کیا۔
اس کے بعد سری لنکا نے کم وقت میں تین وکٹیں حاصل کر کے میچ میں واپسی کی کوشش کی۔ پاکستان کا اسکور 144 رنز ایک وکٹ سے 16ویں اوور میں 156 رنز چار وکٹ ہو گیا۔ حسن نواز اور صائم ایوب نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکے، انہیں بالترتیب دشمنتھا چمیرا اور مہیش تھیکشنا نے آؤٹ کیا۔
صاحبزادہ فرحان نے 33 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور پاکستان کو فتح کے قریب لے گئے۔ وہ اس وقت آؤٹ ہوئے جب پاکستان کو جیت کے لیے صرف چار رنز درکار تھے۔ شاداب خان، جو ساتویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے، بھی آؤٹ ہوئے، تاہم خواجہ نافع اور محمد عمران نے پاکستان کو ہدف تک پہنچا دیا۔
سری لنکا کی جانب سے مہیش تھیکشنا اور ایشان ملنگا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ دشمنتھا چمیرا اور نوان تھشارا کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم اس کا آغاز اچھا نہ رہا۔ مہمان ٹیم چوتھے اوور میں صرف 18 رنز پر دو وکٹوں سے محروم ہو چکی تھی۔ نسیم شاہ نے پہلے ہی اوور میں کوسل مینڈس کو ایک رن پر آؤٹ کیا، جبکہ ڈیبیو کرنے والے محمد عمران نے کامل مشارا کو 6 رنز پر پویلین واپس بھیجا۔
اوپنر لاہیرو ادارا اور کامندو مینڈس نے تیسری وکٹ کے لیے 60 رنز کی شراکت قائم کر کے اننگز کو سنبھالا۔ صائم ایوب نے 10ویں اوور میں یہ شراکت توڑی اور کامندو مینڈس کو 18 گیندوں پر 23 رنز کے بعد آؤٹ کیا۔ ان کی اننگز میں چار چوکے شامل تھے۔
اگلے ہی اوور میں محمد عمران نے دوبارہ کامیابی حاصل کی اور سہان اراچچیگے کو آؤٹ کر کے سری لنکا کا اسکور 10.1 اوورز میں 83 رنز چار وکٹ کر دیا۔ اس کے بعد ادارا اور داسن شناکا نے پانچویں وکٹ کے لیے 34 گیندوں پر 57 رنز جوڑے۔
لاہیرو ادارا نے بعد ازاں نچلے نمبروں کے بیٹرز کے ساتھ مل کر سری لنکا کا اسکور 170 سے آگے پہنچایا، تاہم نسیم شاہ نے ان کی مؤثر اننگز کا خاتمہ کر دیا۔ آخری اوور میں دشمنتھا چمیرا اور ایشان ملنگا نے 10 رنز بنائے اور سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 182 رنز بنائے۔
پاکستان کی طرف سے نسیم شاہ نے چار اوورز میں 36 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ محمد عمران کے اعداد و شمار 2-2 رہے۔ صائم ایوب، ابرار اور رضی اللہ نے ایک، ایک وکٹ لی۔ پاکستان نے 26 اضافی رنز بھی دیے۔
سیریز کے باقی دونوں میچز اسی مقام پر 11 اور 13 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔
