جے پی ایف ٹائمز پولو کپ میں ایف جی دین/شیخو اور ڈائمنڈ پینٹس/پلاٹینم ہومز کی فتوحات

newsdesk
3 Min Read
جناح پولو فیلڈز میں جے پی ایف ٹائمز پولو کپ 2026 کے مقابلوں میں ایف جی دین/شیخو اور ڈائمنڈ پینٹس/پلاٹینم ہومز نے کامیابیاں حاصل کیں۔

لاہور: جناح پولو فیلڈز میں بدھ کے روز کھیلے گئے جے پی ایف ٹائمز پولو کپ 2026 کے مقابلوں میں ایف جی دین/شیخو اور ڈائمنڈ پینٹس/پلاٹینم ہومز نے اپنے اپنے میچز میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے کامیابیاں حاصل کرلیں۔

دن کے پہلے میچ میں ایف جی دین/شیخو نے بھرپور ٹیم ورک کا مظاہرہ کرتے ہوئے پولو اوکھانو کو 5.5 کے مقابلے میں 11 گول سے شکست دی۔ پولو اوکھانو کو ہینڈی کیپ کی بنیاد پر 1.5 گول کی برتری حاصل تھی، تاہم ایف جی دین/شیخو نے آغاز ہی سے میچ پر گرفت مضبوط رکھی۔

افتتاحی چکر میں مقابلہ تیز رفتاری سے شروع ہوا۔ ایف جی دین/شیخو کی جانب سے ایس ایم رافع، عباس مختار اور حمزہ مواز خان نے عمدہ فیلڈ گولز اسکور کیے، جبکہ پولو اوکھانو کی طرف سے بلال نون نے دو شاندار فیلڈ گولز کے ذریعے بھرپور جواب دیا۔

بعد کے چکروں میں حمزہ مواز خان نمایاں رہے، جنہوں نے 30 یارڈ اور 40 یارڈ سمیت پنالٹی شاٹس کو کامیابی سے گول میں تبدیل کیا اور فیلڈ گولز بھی اسکور کیے۔ عباس مختار اور ایس ایم رافع نے بھی مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹیم کے اسکور میں اضافہ کیا۔ پولو اوکھانو کے لیے بلال نون اور ممتاز عباس نے گول کیے، جبکہ آخری چکر میں بلال نون نے 60 یارڈ پنالٹی پر بھی عمدہ گول کیا، لیکن ایف جی دین/شیخو نے میچ 11-5.5 سے اپنے نام کرلیا۔

دن کا دوسرا میچ نہایت سنسنی خیز رہا، جس میں ڈائمنڈ پینٹس/پلاٹینم ہومز نے سخت مقابلے کے بعد ماسٹر پینٹس کو 6 کے مقابلے میں 8 گول سے زیر کیا۔ ڈائمنڈ پینٹس/پلاٹینم ہومز نے ابتدائی چکر میں بہتر آغاز کیا، جہاں میر حذیفہ احمد اور عمر اشفاق نے خوبصورت فیلڈ گولز اسکور کیے۔

درمیانی چکروں میں ثاقب خاکوانی نے 60 یارڈ اور 30 یارڈ پنالٹی شاٹس کو کامیابی سے گول میں تبدیل کرتے ہوئے اپنی ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کیا۔ دوسری جانب ماسٹر پینٹس نے بھی شاندار واپسی کی کوشش کی، جس کی قیادت میکائیل سمیع نے کی۔ انہوں نے فیلڈ گولز کے ساتھ 60 یارڈ، 30 یارڈ اور 40 یارڈ پنالٹی شاٹس پر درست نشانہ لگایا، جبکہ چوہدری فاتح نے بھی ٹیم کا ساتھ دیا۔

فیصلہ کن چوتھے چکر میں ابراہیم خلیل، میر حذیفہ احمد اور ثاقب خاکوانی نے مؤثر کھیل پیش کیا اور ڈائمنڈ پینٹس/پلاٹینم ہومز کی 8-6 سے کامیابی یقینی بنادی۔ میچ کی امپائرنگ اینڈریو تھامس اور عبداللہ اعجاز نے کی۔

Share This Article