بارانی زرعی یونیورسٹی میں ریٹائرڈ اساتذہ اور ملازمین کے اعزاز میں پروقار تقریب کا انعقاد
پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی نے اپنی شاندار روایت برقرار رکھتے ہوئے ریٹائرڈ اساتذہ، انتظامی افسران اور دیگر یونیورسٹی ملازمین کے اعزاز میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا جس کے مہمانِ خصوصی چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان (ہلالِ امتیاز، ستارۂ امتیاز) تھے جبکہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے رجسٹرار، ڈینز، ڈائریکٹرز، شعبہ جات کے سربراہان، اساتذہ کرام، انتظامی افسران کے ہمراہ مہمانِ خصوصی کو خوش آمدید کہا۔ ریٹائر ہونے والوں میں یونیورسٹی کے سابق پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد سیف اللہ خان، سابق ڈین ایگریکلچر پروفیسر ڈاکٹر طارق مختار اور دیگر فیکلٹی ممبران و یونیورسٹی ملازمین شامل تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان (ہلالِ امتیاز، ستارۂ امتیاز) نے تمام ریٹائر ہونے والے ملازمین کو ان کی کامیاب پیشہ ورانہ زندگی مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کی اور بارانی زرعی یونیورسٹی کے لیے ان کی طویل، مخلصانہ اور بے لوث خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ادارے کی اصل طاقت اس کے افراد کی دیانت، محنت، پیشہ ورانہ صلاحیت اور وابستگی ہی ہوتی ہے۔ ہر ملازم، خواہ وہ کسی بھی عہدے پر فائز ہو، ادارے کی ترقی، ساکھ اور کامیابی میں اپنا منفرد اور ناگزیر کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریٹائرمنٹ کو ہرگز پیشہ ورانہ سفر کا اختتام نہیں سمجھنا چاہیے، خصوصاً اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ایک استاد کبھی حقیقی معنوں میں ریٹائر نہیں ہوتا کیونکہ اس کا علم، تجربہ اور بصیرت معاشرے کو مسلسل رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ جامعات کو ایسی مؤثر اور باقاعدہ پالیسیاں مرتب کرنی چاہئیں جن کے ذریعے ریٹائرڈ پروفیسرز، محققین اور تجربہ کار انتظامی ماہرین کی صلاحیتوں سے مسلسل استفادہ کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ شخصیات نوجوان اساتذہ کی رہنمائی، طلبہ کی علمی و تحقیقی معاونت، تحقیقی منصوبوں، نصاب سازی، تعلیمی منصوبہ بندی اور ادارہ جاتی ترقی میں نہایت مؤثر کردار ادا کر سکتی ہیں، جس سے اعلیٰ تعلیم کے معیار میں مزید بہتری آئے گی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے کہا کہ ریٹائر ہونے والے تمام اساتذہ، افسران اور ملازمین ہمیشہ بارانی یونیورسٹی کا قابلِ فخر حصہ رہیں گے اور یونیورسٹی انہیں اپنے سب سے قیمتی اثاثوں میں شمار کرتی رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج یونیورسٹی نے تعلیم، تحقیق، انتظامی اصلاحات، قومی و بین الاقوامی تعاون اور سماجی خدمت کے میدان میں جو نمایاں مقام حاصل کیا ہے، اس کے پس منظر میں ان مخلص اور محنتی افراد کی برسوں پر محیط انتھک کاوشیں، پیشہ ورانہ مہارت، لگن اور قربانیاں شامل ہیں، جنہوں نے اپنی زندگیاں ادارے کی ترقی اور استحکام کے لیے وقف کیے رکھیں۔
وائس چانسلر نے کہا کہ اس نوعیت کی الوداعی تقریبات کا انعقاد دراصل ان عظیم خدمات کے اعتراف اور اظہارِ تشکر کی ایک کاوش ہے۔ یہ تقریبات نہ صرف ان کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے ان کے قابلِ قدر کردار، خدمات اور روایات کو بھی اجاگر کرتی ہیں، تاکہ نوجوان اساتذہ اور ملازمین ان کے تجربات اور اعلیٰ پیشہ ورانہ اقدار سے رہنمائی حاصل کر سکیں۔
تقریب کے دوران ریٹائر ہونے والے پروفیسرز، افسران اور ملازمین نے بھی اپنے طویل عرصۂ ملازمت کی یادیں حاضرین کے ساتھ شیئر کیں اور یونیورسٹی انتظامیہ کا اس باوقار اور یادگار الوداعی تقریب کے انعقاد پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی جانب سے دی جانے والی یہ عزت، محبت اور قدرشناسی ان کے لیے ایک ناقابلِ فراموش سرمایہ ہے۔
تقریب کے اختتام پر تمام ریٹائرڈ اساتذہ، انتظامی افسران اور ملازمین کو ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں، جبکہ شرکاء نے ان کی صحت، خوشحالی اور آئندہ زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
