اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ملک میں نئے انتظامی صوبوں کے قیام کی مخالفت کرتے ہوئے خون بہنے کی باتیں کرنے والے بلاول بھٹو زرداری پہلے پیپلزپارٹی کے ماضی اور کردار کا جائزہ لیں۔ ان کے مطابق 1972ء میں سندھ میں لسانی بل لا کر فسادات کی بنیاد پیپلزپارٹی نے رکھی تھی۔
بدھ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی انتظامی بنیادوں پر صوبوں کی تعداد بڑھانے کے حق میں ہے، تاہم اس کے لیے آئینی طریقہ کار اور مناسب فریم ورک اختیار کیا جانا چاہیے۔ نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم اور ڈپٹی سیکرٹری سید فراست شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
حافظ نعیم الرحمن نے بلاول بھٹو زرداری کو چیلنج کیا کہ کراچی سے پیپلزپارٹی کی قومی اسمبلی کی سات نشستوں کے فارم 45 سامنے لائے جائیں، انتخابی مینڈیٹ کی حقیقت واضح ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پیپلزپارٹی کی قومی اسمبلی کی سات نشستیں ناجائز ہیں، جبکہ میئر کراچی کے انتخاب میں بھی ہیرا پھیری کی گئی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پیپلزپارٹی ایک طرف موجودہ حکومت کو ناجائز قرار دیتی ہے اور دوسری طرف آصف علی زرداری اسی حکومت کے ووٹوں سے صدر منتخب ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی 2024ء کے انتخابات کی بینیفشری بھی ہے اور حکومت کا حصہ بھی۔ اگر یہ حکومت ناجائز ہے تو آصف علی زرداری کو صدارت سے استعفیٰ دینا چاہیے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر آج بلاول بھٹو زرداری کو پی ٹی آئی سے ہمدردی ہے تو ماضی میں اس کی حکومت گرانے میں کردار کیوں ادا کیا گیا؟ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے معاملے پر بھی پیپلزپارٹی کا موقف تضاد کا شکار ہے، کیونکہ اس فیصلے پر دستخط آصف علی زرداری نے کیے تھے جبکہ صوبے میں پیپلزپارٹی کا گورنر معاملات چلا رہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جمہوریت پر شب خون مارنے کی تاریخ رکھنے والی پیپلزپارٹی دوسروں کو جمہوریت کا درس نہ دے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں کرپشن جاری ہے اور سیاسی قیادت کو ایسا طرز عمل اختیار کرنا چاہیے جو ملک کو خون خرابے کی طرف لے جانے کے بجائے مسائل کے حل میں مدد دے۔
زرعی صورتحال پر بات کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک میں زراعت کی حالت انتہائی خراب ہو چکی ہے، گنے کی کرشنگ شروع نہیں ہوئی اور کسان شدید پریشانی سے دوچار ہیں۔ زرعی مداخل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث کاشتکاروں کے لیے فصلیں اگانا مشکل ہوتا جا رہا ہے، جبکہ دیگر فصلوں کی صورتحال بھی اطمینان بخش نہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ گنے کی قیمت 700 روپے فی من مقرر کی جائے۔ حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی جمعہ 20 نومبر کو شوگر ملز کے باہر بھرپور احتجاجی دھرنے دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان اور زرداری خاندان کی شوگر ملز بھی ہیں، حکومت کسانوں کے مسائل اور شوگر ملز کے کردار پر توجہ دے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آٹا انتہائی مہنگا ہو چکا ہے۔ انہوں نے پنجاب حکومت سے سوال کیا کہ گندم کی خریداری کے لیے قائم کی گئی کمپنیاں کہاں ہیں؟ ان کے مطابق سندھ میں فلور ملز کو ناقص اور کچرا گندم فراہم کی جا رہی ہے جس سے عوام اور کسان دونوں متاثر ہو رہے ہیں۔
پٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں کچھ کمی ضرور ہوئی ہے، لیکن حالیہ بحران کے دوران آئل کمپنیوں نے ناجائز منافع کمایا۔ ان کے مطابق جماعت اسلامی کے احتجاج کے باعث حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ نہیں کر سکی، حالانکہ ایک وزیر نے پٹرول کی قیمت 1500 روپے فی لیٹر تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا تھا۔
حافظ نعیم الرحمن نے بتایا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کے لیے جماعت اسلامی نے مسودہ تیار کر کے پیش کر دیا ہے اور حکومت ریلیف کا دائرہ بڑھانے پر رضامند ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیوی کے معاملے پر حکومت کے ساتھ مذاکرات کا آخری دور جمعرات 19 نومبر کو ہوگا۔ جماعت اسلامی عوام کو حقیقی ریلیف دلانے کے لیے اپنے مطالبات پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کے معاملے پر بھی حکومت کو باور کرایا گیا ہے کہ ان سے حاصل ہونے والا فائدہ عوام تک منتقل کیا جائے۔ حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا کہ حکومت آئی پی پیز کو کیپسٹی پیمنٹس کی ادائیگیاں فوری ختم کرے۔
گیس بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایل پی جی کی تقریباً 55 فیصد ضروریات ایران سے درآمد کر رہا تھا، لیکن اب ملک میں ایل پی جی کی شدید قلت ہے۔ سرکاری نرخوں پر ایل پی جی کہیں دستیاب نہیں، حکومت درآمدی مسائل فوری طور پر حل کرے۔
حافظ نعیم الرحمن نے سوال کیا کہ جب ملک میں آر ایل این جی درآمد نہیں ہو رہی تو ایل این جی ٹرمینلز کو روزانہ پانچ لاکھ 38 ہزار ڈالر کس مد میں ادا کیے جا رہے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ان ٹرمینلز کو بھی کیپسٹی پیمنٹس دی جا رہی ہیں جو عوام کے ساتھ ظلم ہے، حکومت اس معاملے کا فوری نوٹس لے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات چھٹی مرتبہ ملتوی کیے گئے ہیں اور اس کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے۔
