اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی کے خلاف عوامی جدوجہد جاری رہے گی اور عوام کو حقیقی ریلیف ملنے تک جماعت اسلامی اپنا احتجاجی لائحہ عمل جاری رکھے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آبپارہ چوک میں اسلام آباد کی تاریخ کا خواتین کا بڑا احتجاج ہوگا، جہاں ہزاروں خواتین اپنے حق کے لیے آواز بلند کریں گی۔
دفتر جماعت اسلامی اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نصراللہ رندھاوا نے کہا کہ حکومت نے ایران امریکا جنگ کے دوران عوام کو ریلیف دینے کے بجائے پٹرولیم لیوی کے ذریعے مزید بوجھ ڈال دیا۔ ان کے مطابق بجٹ میں مقررہ لیوی سے 150 ارب روپے زائد وصول کیے گئے، جبکہ گزشتہ برسوں میں تقریباً 500 ارب روپے لیوی جمع کرنے کے باوجود کسی آئل ریفائنری کو مطلوبہ انداز میں اپ گریڈ نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پٹرولیم لیوی کا بنیادی مقصد ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن تھا، لیکن یہ رقم عوام پر مالی دباؤ بڑھانے کا ذریعہ بن گئی ہے۔ نصراللہ رندھاوا کا کہنا تھا کہ حکومت اور بیوروکریسی مذاکرات کے دوران جماعت اسلامی کے سوالات کا جواب دینے میں ناکام رہی ہیں۔
امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عام آدمی کی زندگی مشکل بنا دی ہے۔ حکومت عوام کو لوٹنے کا سلسلہ بند کرے اور اپنے شاہانہ اخراجات میں کمی لائے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ عوام کو حقیقی ریلیف ملنے تک جدوجہد جاری رہے گی اور حکومت کو بالآخر حقائق اور عوامی دباؤ کے سامنے جھکنا پڑے گا۔
نصراللہ رندھاوا نے مزید کہا کہ عوامی حقوق کی اس تحریک میں اسلام آباد آنے والے لانگ مارچ کے شرکاء جماعت اسلامی کے مہمان ہوں گے، ان کا بھرپور استقبال کیا جائے گا اور حتی المقدور مہمان نوازی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن اسلام آباد آنے کا اعلان کریں، ان کا بھی بھرپور استقبال کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پٹرول سستا ہوگا تو عوام کو خوشحالی ملے گی، معیشت کا پہیہ چلے گا اور عام آدمی کو حقیقی ریلیف حاصل ہوگا۔ پریس کانفرنس کے موقع پر صدر جماعت اسلامی یوتھ صہیب عثمان، سیکرٹری پولیٹیکل آفیئر عامر بلوچ اور سیکرٹری اطلاعات رب نواز ملک بھی موجود تھے۔
