راولپنڈی (پریس ریلیز) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود نے کہا ہے کہ امتحانی عمل میں میرٹ، شفافیت اور منصفانہ ماحول کے قیام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان کے مطابق بورڈ کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ امتحانات پُرامن ماحول میں منعقد ہوں اور تمام امیدواروں کو برابر مواقع فراہم کیے جائیں۔
پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود نے کہا کہ امتحانی نظام میں بہتری، مؤثر انتظامی نگرانی اور قواعد و ضوابط پر یکساں عمل درآمد کے ذریعے امیدواروں کے لیے سازگار اور منصفانہ ماحول یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بورڈ امتحانی عمل کے ہر مرحلے کی نگرانی اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ امتحانات کی ساکھ متاثر نہ ہو۔
اسی سلسلے میں کنٹرولر امتحانات مبشر سعید نے امتحان انٹرمیڈیٹ دوسرا سالانہ 2026 کے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے امتحانی عمل، انتظامی امور اور ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کا جائزہ لیا۔ انہوں نے امتحانی عملے کو ہدایت کی کہ قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی کرائی جائے اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔
کنٹرولر امتحانات مبشر سعید کے مطابق گورنمنٹ وقارالنسا گریجویٹ کالج فار ویمن راولپنڈی کے امتحانی مرکز میں دو طالبات کو نقل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ دونوں طالبات کے خلاف یو ایم سی (Unfair Means Cases) درج کر کے مزید کارروائی کے لیے ڈسپلن برانچ کو ارسال کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امتحانی نظام کی ساکھ اور طلبہ کے مستقبل کے تحفظ کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ امتحانات کے دوران نظم و ضبط، میرٹ اور شفافیت کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔
یہ اعلامیہ 18 نومبر 2026 کو تعلیمی بورڈ راولپنڈی کے دفتر تعلقات عامہ کی جانب سے ترجمان ارسلان علی چیمہ نے جاری کیا۔
