صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے معرکہِ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر شہداء، غازیوں اور پاک فوج کے جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق نے یہ واضح کر دیا کہ پاکستانی قوم اپنے دفاع پر کسی بھی صورت سمجھوتہ نہیں کرے گی اور قومی عزم میں کوئی خلل نہیں آنے دیا جائے گا۔عاطف اکرام شیخ نے معرکہ حق کی کامیابی کو پاکستان کی عسکری اور قومی طاقت کا منہ بولتا ثبوت قرار دیا اور بتایا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں بہادر سپوتوں کی قربانیاں دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان جراتمندانہ کارروائیوں کے نتیجے میں ملک کو سفارتی اور عالمی سطح پر بھی فوائد حاصل ہوئے ہیں۔صدر نے کہا کہ اب جب معرکہ حق میں کامیابی مل چکی ہے تو قومی ترجیح معیشت کو مضبوط کرنا ہونی چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ معرکہ معیشت جیتنا اسی جذبے اور اتحاد سے ممکن ہے جس جذبے سے قوم نے معرکہ حق میں فتح حاصل کی، اور اس کے لیے پالیسیوں کے تسلسل اور کاروباری آسانیوں کی ضرورت ہے۔عاطف اکرام شیخ نے خبردار کیا کہ دشمن ہماری معیشت کو کمزور دیکھنا چاہتے ہیں اس لیے پوری قوم کو معاشی استحکام کے حصول کے لیے متحد ہونا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی خودمختاری کے بغیر قومی خودمختاری ادھوری رہے گی اور مضبوط دفاع کے ساتھ مضبوط معیشت ہی مستقبل کی ضمانت ہے۔انہوں نے زور دیا کہ افواجِ پاکستان نے سرحدوں کا دفاع کیا، اب وقت ہے کہ پورا ملک شہداء کی قربانیوں کا احترام کرتے ہوئے معیشت کی مضبوطی میں اپنا کردار ادا کرے۔ صدر نے بتایا کہ قومی اتحاد، پالیسیوں کے تسلسل اور کاروباری آسانیوں کے ذریعے ہی معیشتی جنگ میں کامیابی ممکن ہے اور یہی شہداء کے لیے حقیقی خراجِ تحسین ہوگا۔
