پاک ایران تجارت اور پارلیمانی روابط بڑھانے پر زور

newsdesk
4 Min Read
پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں سردار ایاز صادق اور فدا حسین مالکی کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسلام آباد، 16 نومبر 2026ء: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت، اقتصادی شراکت داری اور علاقائی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک تاریخی، برادرانہ اور مضبوط تعلقات کے حامل ہیں، جنہیں باہمی مفاد کے نئے مواقع کے ذریعے مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ایرانی پارلیمان کے ایران پاکستان پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کے سربراہ فدا حسین مالکی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کا خواہاں رہا ہے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون، تجارت و معیشت، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی امن و سلامتی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان دنیا کی پہلی پارلیمان تھی جس نے ایران پر حملے کی مذمت کی اور اس سلسلے میں متفقہ قرارداد بھی منظور کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان پارلیمانی روابط کو مزید فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ پاک ایران پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان رابطوں کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے، سرمایہ کاری کے امکانات تلاش کرنے اور اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے گوادر بندرگاہ کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایران سمیت خطے کے دیگر ممالک کے لیے تجارت، رابطہ کاری اور اقتصادی روابط کے فروغ کے نئے امکانات فراہم کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی پاکستان اور ایران دونوں کے لیے مشترکہ چیلنج ہے، جس سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔ سردار ایاز صادق نے جنگ کے خاتمے اور امن کی بحالی کے لیے پاکستان کے ثالثی کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔

اسپیکر نے کہا کہ پاکستان نے سعودی عرب، ایران اور ترکیہ سمیت علاقائی ممالک کو مکالمے اور تعاون کے مشترکہ پلیٹ فارم پر لانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے ایران اور فلسطین، خصوصاً غزہ کے عوام کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر فدا حسین مالکی نے مشکل وقت میں ایران کے ساتھ کھڑے ہونے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایرانی عوام اور قیادت پاکستانی عوام اور قیادت کی حمایت اور یکجہتی کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔

ایرانی پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کے سربراہ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امن اور ثالثی کے لیے کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے فروغ کے لیے اسلام آباد مذاکرات کے ذریعے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو بھی قابل تحسین قرار دیا۔

ملاقات میں دونوں جانب سے پارلیمانی سفارت کاری کو مضبوط بنانے، دوطرفہ تجارت میں اضافہ کرنے اور اقتصادی تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ فریقین نے پاکستان اور ایران کے قریبی تعلقات، علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

Share This Article