لاہور: جموں و کشمیر اسٹیٹ کی سرکاری اراضی پر 27 مبینہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کا معاملہ سامنے آ گیا

newsdesk
3 Min Read
سینیٹ کمیٹی ارکان نے لاہور میں جموں و کشمیر اسٹیٹ کی مختلف املاک کا معائنہ کیا۔

لاہور: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان، ریاستیں و سرحدی علاقہ جات کے کنوینر سینیٹر ناصر محمود بٹ نے ذیلی کمیٹی کے ارکان کے ہمراہ لاہور میں جموں و کشمیر اسٹیٹ کی مختلف املاک کا دورہ کیا، جس کا مقصد ان املاک کی موجودہ صورتِ حال، انتظامی امور اور تحفظ سے متعلق مسائل کا جائزہ لینا تھا۔

دورے کے دوران ذیلی کمیٹی کی ارکان سینیٹر نسیمہ احسان اور سینیٹر ندیم بھٹو بھی چیئرمین کے ہمراہ موجود تھے۔ وفد نے سلطان پوری، رحمان پورہ اور نولکھا بازار میں واقع جموں و کشمیر اسٹیٹ کی املاک کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر یہ بات سامنے آئی کہ جموں و کشمیر اسٹیٹ کی سرکاری زمین پر 27 مبینہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز قائم کی گئی ہیں، جہاں شہریوں کو پلاٹ فروخت کیے جا رہے ہیں، جبکہ متعدد افراد نے اسی اراضی پر مکانات بھی تعمیر کر لیے ہیں۔

بتایا گیا کہ بڑی تعداد میں شہری اس حقیقت سے لاعلم ہیں کہ جس زمین پر وہ پلاٹ خرید رہے ہیں یا مکانات تعمیر کر رہے ہیں، وہ دراصل جموں و کشمیر اسٹیٹ کی سرکاری ملکیت ہے۔ اس صورتِ حال کے باعث شہریوں کو مستقبل میں قانونی پیچیدگیوں، مالی نقصان اور ممکنہ دھوکہ دہی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

کمیٹی نے معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ان ہاؤسنگ سوسائٹیز کی قانونی حیثیت، اراضی کی ملکیت، پلاٹوں کی خرید و فروخت اور متعلقہ سرکاری ریکارڈ کا جامع جائزہ لیا جانا ضروری ہے، تاکہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے اور ریاستی اراضی کے غیر قانونی استعمال کو روکا جا سکے۔

متعلقہ حکام نے کمیٹی کو املاک کی موجودہ حیثیت، انتظامی معاملات اور دستیاب ریکارڈ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ کمیٹی ارکان نے ریاستی املاک پر غیر قانونی تعمیرات، کرایہ آمدن، غیر مجاز قبضوں اور تجاوزات سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا۔

کمیٹی ارکان نے واضح کیا کہ جموں و کشمیر اسٹیٹ کی املاک اہم ریاستی اثاثے ہیں، جن کے تحفظ اور شفاف انتظام کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔ ارکان نے سرکاری اراضی پر غیر قانونی تعمیرات اور غیر مجاز سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

واضح رہے کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان، ریاستیں و سرحدی علاقہ جات کا تین روزہ اجلاس لاہور میں اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ اجلاس کے دوران کمیٹی ارکان نے 10 اور 11 نومبر کو مختلف ریاستی املاک کا دورہ کیا۔

Share This Article