کراچی (اسپورٹس رپورٹر) آئی سی آر سی نیشنل فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ چیمپئن شپ کے پہلے مرحلے میں پشاور نے اپنا دوسرا میچ جیت کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ کے پی اسٹارز کی ٹیم صرف 52 رنز پر ڈھیر ہوگئی جبکہ پشاور نے ہدف چوتھے اوور میں حاصل کرلیا۔ اسی روز کھیلے گئے ایک سنسنی خیز مقابلے میں لاہور نے ایبٹ آباد کو دو وکٹوں سے شکست دی۔
چیمپئن شپ کا پہلا مرحلہ گزشتہ روز عمران خان اسٹیڈیم پشاور میں مکمل ہوا۔ تیسرے روز کے میچز کے موقع پر پاکستان فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے سیکریٹری امیرالدین انصاری، پاکستان اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن کے صدر امجد عزیز ملک، اسلامیہ کالج اینڈ یونیورسٹی کے ڈائریکٹر اسپورٹس علی ہوتی، ڈاکٹر وقار، ال سید مارکیٹنگ کے سی ای او سید شیر علی آفریدی، ڈائریکٹر عمران خان اسٹیڈیم جعفر شاہ، ریجنل ہیڈز ساجد شاہ، جاوید اشرف، محمد طاہر راجہ، ٹورنامنٹ کوآرڈی نیٹر نصراللہ، ڈائریکٹر پی پی ڈی سی اے محمد نظام اور دیگر شخصیات موجود تھیں۔
پہلے مرحلے کے تیسرے روز کے پہلے میچ میں لاہور اور ایبٹ آباد کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا۔ ایبٹ آباد نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 17.5 اوورز میں 101 رنز بنائے اور پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔ محمد اسد نے 35 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 30 رنز اسکور کیے، زبیح اللہ نے 14 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 18 رنز بنائے جبکہ ہمایوں خان نے 15 رنز کا اضافہ کیا۔
لاہور کی جانب سے ایم اشفاق اور شاہد نذیر نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عبداللہ اعجاز اور محمد بلال نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں لاہور نے 16.5 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔ محمد شہباز 16 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ عتیق الرحمٰن اور صدر علی نے 13، 13 رنز بنائے۔ ایبٹ آباد کی شکست میں 19 اضافی رنز بھی اہم ثابت ہوئے جن میں 12 وائیڈز شامل تھیں۔ ایبٹ آباد کی طرف سے راج ولی، محمد اسد اور بلال ارشد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ آفتاب حسین اور کلیم اللہ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس میچ کے مہمانِ خصوصی پاکستان اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن کے صدر امجد عزیز ملک نے لاہور کے شاہد نذیر کو پلیئر آف دی میچ ایوارڈ پیش کیا۔
دوسرے میچ میں پشاور نے کے پی اسٹارز کو سات وکٹوں سے زیر کیا۔ کے پی اسٹارز نے پہلے بیٹنگ کی لیکن پوری ٹیم صرف 52 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ اول محمد 22 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پشاور کی جانب سے مومن خان نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ زید اللہ نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
جواب میں پشاور نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 3.4 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا اور رن ریٹ کی بنیاد پر پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست رہا۔ عدیل شہزاد نے 12 گیندوں پر چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 39 رنز بنائے۔ محمد عابد نے گرنے والی تینوں وکٹیں حاصل کیں۔ سابق صدر ڈی سی اے نوشہرہ گوہر علی نے عدیل شہزاد کو پلیئر آف دی میچ ایوارڈ دیا۔
