اسلام آباد: پاکستان نے 2026 ایشین گیمز کے ویمنز کرکٹ مقابلوں میں بنگلہ دیش کو تیسری پوزیشن کے پلے آف میں 31 رنز سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ حاصل کرلیا۔ یہ میچ منگل کو نشن کے کوروگی اسپورٹس پارک میں کھیلا گیا۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے۔ بنگلہ دیشی بولرز نے مؤثر کارکردگی دکھاتے ہوئے گرین شرٹس کی بیٹنگ لائن کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔
کپتان فاطمہ ثنا نے پاکستان کی جانب سے سب سے نمایاں اننگز کھیلی اور 30 گیندوں پر ناقابل شکست 45 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں تین چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ اوپنر گل فیروزہ نے 23 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 31 رنز اسکور کیے۔
عالیہ ریاض نے 22 گیندوں پر 25 رنز کی اہم اننگز کھیلی، جس میں ایک چوکا اور دو چھکے شامل تھے۔ دوسری اوپنر شوال ذوالفقار نے 27 گیندوں پر 17 رنز بنائے تاہم وہ کوئی باؤنڈری نہ لگا سکیں۔
سائرہ جبین 6 گیندوں پر ایک چوکے سمیت 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، جبکہ عائشہ ظفر نے 7 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 9 رنز بنائے۔ ایمن فاطمہ تین گیندیں کھیل کر صفر پر آؤٹ ہوئیں، جبکہ طوبیٰ حسن نے دو گیندوں پر ایک چوکے سمیت 4 رنز بنائے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے ریتو مونی، شورنا اختر اور ناہیدہ اختر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سنجیدہ اختر میگھلا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
146 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 114 رنز تک محدود رہی۔ بیٹنگ میں مشکلات کے بعد پاکستان نے بولنگ میں بھرپور واپسی کرتے ہوئے حریف ٹیم کو ہدف تک نہ پہنچنے دیا۔
بنگلہ دیش کی جانب سے شمیم اختر نے مزاحمتی بیٹنگ کی اور 45 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ کپتان نگار سلطانہ نے 30 گیندوں پر تین چوکوں سمیت 25 رنز بنائے، جبکہ اوپنر دلارا اختر نے 8 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 12 رنز اسکور کیے۔
شورنا اختر نے 8 گیندوں پر 6 رنز بنائے، جبکہ جویریہ فردوس اور رابعہ خان نے چار، چار رنز جوڑے۔ ریتو مونی نے 3 اور سوبھانا موستری نے 2 رنز بنائے، جبکہ ناہیدہ اختر 10 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔
پاکستان کی جانب سے امِ ہانی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے چار اوورز میں صرف 10 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ تسمیہ رباب، فاطمہ ثنا، نشرہ سندھو اور عائشہ ظفر نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔
