اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کیش لیس معیشت اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں گزشتہ ایک سال کے دوران ملکی معیشت کو ڈیجیٹل ادائیگیوں پر مبنی نظام کی طرف منتقل کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے اس پیش رفت پر معاشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کو کیش لیس نظام پر منتقل کرنے سے پائیدار معاشی ترقی ممکن ہوگی اور شفافیت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے لیے QR کوڈ استعمال کرنے والے فعال مرچنٹس کی تعداد میں ایک سال کے دوران 300 فیصد اضافے پر معاشی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ مرچنٹس کو QR کوڈ کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موبائل بینکنگ ایپ استعمال کرنے والوں کی تعداد ایک سال میں 9 کروڑ 50 لاکھ سے بڑھ کر 13 کروڑ 70 لاکھ ہونا ایک اہم کامیابی ہے۔
وزیراعظم نے بینکوں اور مالیاتی اداروں پر زور دیا کہ وہ کیش لیس معیشت کے فروغ میں بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ بیرون ملک سے آنے والی ترسیلات زر کو 100 فیصد ڈیجیٹل بنایا جائے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ادائیگیوں کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کے اقدام کو سراہا اور اسے شفاف، تیز رفتار اور مستحقین کے لیے سہل قرار دیا۔
اجلاس میں کیش لیس اکانومی کے لیے کیے گئے اقدامات کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ جون 2025 سے جون 2026 تک ڈیجیٹل طریقے سے ادائیگیاں وصول کرنے والے مرچنٹس کی تعداد 300 فیصد اضافے کے بعد 20 لاکھ 3 ہزار ہو چکی ہے۔
بریفنگ کے مطابق نادرا کی 99 فیصد ادائیگیاں ڈیجیٹائز ہو چکی ہیں جبکہ کیش ادائیگیاں 71 فیصد سے کم ہو کر صرف ایک فیصد رہ گئی ہیں۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ایک کروڑ صارفین کو تمام ادائیگیاں ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے کی جا رہی ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت موبائل بینکنگ ایپ صارفین کی تعداد 13 کروڑ 70 لاکھ ہے۔ جولائی 2025 سے جون 2026 کے دوران 11.9 ارب ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز ریکارڈ کی گئیں، جبکہ گزشتہ سال ترسیلات زر کی 92 فیصد رقوم ڈیجیٹل طریقے سے موصول ہوئیں۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ کیش لیس اکانومی سے متعلق تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن جاری ہے اور حتمی رپورٹ سفارشات کے ساتھ نومبر 2026 میں پیش کی جائے گی۔ پاکستان بینکنگ ایسوسی ایشن نے اپنے ممبر بینکوں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں، بشمول RAAST نظام کے فروغ کے لیے اہداف دیے ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزرا احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، چیئرمین نادرا اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
