اسلام آباد: انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) کے آرمز کنٹرول اینڈ ڈس آرمامنٹ سینٹر (اے سی ڈی سی) کے زیر اہتمام آج ’’بھارت کی سمندر پر مبنی جوہری صلاحیتیں: پاکستان کے لیے مضمرات‘‘ کے عنوان سے اعلیٰ سطحی گول میز مباحثہ منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممتاز تزویراتی ماہرین، سفارت کاروں اور عسکری تجزیہ کاروں نے شرکت کی اور بھارت کے سمندر پر مبنی جوہری ہتھیاروں کی عملی تعیناتی کے بعد جنوبی ایشیا کے ڈیٹرنس ڈھانچے میں آنے والی معیاری تبدیلی کا جائزہ لیا۔
استقبالیہ کلمات میں آئی ایس ایس آئی بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین سفیر خالد محمود نے خطے کی بدلتی ہوئی سلامتی صورتِ حال کی سنگینی کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے سمندر پر مبنی جوہری ڈیٹرنٹ کا عملی مرحلے میں داخل ہونا علاقائی سلامتی میں ایک معیاری اور ساختی تبدیلی کی نشان دہی کرتا ہے۔ ان کے مطابق ان پیش رفتوں کے تناظر میں علاقائی امن و استحکام کے تحفظ کے لیے ڈیٹرنس پالیسیوں اور سفارتی فریم ورکس کا حقیقت پسندانہ ازسرِ نو جائزہ ناگزیر ہے۔
اس سے قبل اے سی ڈی سی کے ڈائریکٹر ملک قاسم مصطفیٰ نے اجلاس کا آغاز کرتے ہوئے مباحثے کے دائرہ کار کی وضاحت کی اور شرکا کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا کے تزویراتی استحکام میں گہری خلل اندازی پاکستان کے لیے اس امر کی متقاضی ہے کہ قابلِ اعتماد ڈیٹرنٹ برقرار رکھنے کے لیے ممکنہ doctrinal اور تکنیکی پالیسی ایڈجسٹمنٹس کا سنجیدہ جائزہ لیا جائے۔
گول میز مباحثے کا ایجنڈا پیش کرتے ہوئے اے سی ڈی سی کی ریسرچ فیلو غزالہ یاسمین جلیل نے خطے کو درپیش اہم ساختی موڑوں کی نشان دہی کی، جن میں recessed deterrence سے mated warheads تک کی صورتِ حال شامل ہے۔ انہوں نے یہ اہم سوال اٹھایا کہ پاکستان مہنگی اور غیر محدود بحری اسلحہ دوڑ میں داخل ہوئے بغیر مضبوط فل اسپیکٹرم ڈیٹرنس کیسے برقرار رکھ سکتا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ پائیدار سلامتی کے لیے مضبوط بحری اعتماد سازی اقدامات (سی بی ایمز) پر مذاکرات ضروری ہیں۔
اجلاس میں ممتاز تزویراتی ماہرین کے پینل نے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی آرا پیش کیں۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز (نیما) کے سابق صدر وائس ایڈمرل (ر) ڈاکٹر احمد سعید، ایچ آئی (ایم)، نے کہا کہ بھارت کی جانب سے جدید روایتی اور جوہری آبدوزوں (ایس ایس بی اینز) کے حصول میں بھاری سرمایہ کاری کے باعث بحرِ ہند میں تزویراتی عدم توازن بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ تیزی سے پھیلتی ہوئی بحری صلاحیتیں دفاعی عدم مساوات کو سنگین بنا رہی ہیں، جو جوہری حد کو کم کرتی ہیں اور دو متصل جوہری مسلح ریاستوں کے درمیان غیر ارادی کشیدگی میں اضافے کے خطرات بڑھاتی ہیں۔ انہوں نے ان بحری خطرات میں کمی اور بے قابو اسلحہ دوڑ روکنے کے لیے مضبوط دوطرفہ سی بی ایمز اور بحرِ ہند کو غیر جوہری خطہ قرار دینے کے لیے نئی سفارتی کوشش پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سمندری جوہری تصادم میں فوجی فتح کا کوئی راستہ نہیں، اس لیے باہمی تزویراتی تحمل لازم ہے۔
اسٹریٹجک پلانز ڈویژن (ایس پی ڈی) کے مشیر سفیر (ر) ضمیر اکرم نے خبردار کیا کہ بھارت کی تیز رفتار عمودی پھیلاؤ کی پالیسی اسے ’’نو فرسٹ یوز‘‘ سے ہٹا کر ایک ایسے پیشگی first-strike posture کی جانب لے جا رہی ہے جس کا مقصد پاکستان کے فل اسپیکٹرم ڈیٹرنس کو غیر مؤثر بنانا ہے۔ انہوں نے اس تاثر کو رد کیا کہ یہ صلاحیتیں صرف چین کے لیے ہیں، اور بھارت کی بڑھتی ہوئی سمندری جوہری صلاحیتوں پر عالمی برادری کی ’’خاموشی‘‘ اور دوہرے معیار کی نشان دہی کی۔ ان کے مطابق یہ پیش رفت جنوبی ایشیا سے کہیں آگے تک خطرہ پیدا کرتی ہے اور علاقائی و عالمی سطح پر تزویراتی استحکام کو کمزور کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر بھارت کے غیر ذمہ دارانہ جوہری طرزِ عمل کو بے نقاب کرنا چاہیے، کمزور دوطرفہ انتظامات پر انحصار کے بجائے مضبوط بحران انتظامی میکانزم قائم کرنے چاہییں، اور اپنی دفاعی پوزیشن کو اس طرح مضبوط بنانا چاہیے کہ زمینی، فضائی اور سمندری تینوں جہتوں میں جوہری وار ہیڈز کی مکمل عملی تعیناتی کے ذریعے قابلِ اعتماد، بقا پذیر second-strike capability یقینی بنائی جا سکے۔
ایئر کموڈور (ر) خالد بنوری، سینئر ایڈوائزر جے سی سی ایل، ایئر ہیڈکوارٹرز، نے کہا کہ جنوبی ایشیا کے ڈیٹرنس نظام میں ایک بڑی ساختی تبدیلی کے طور پر بھارت کی مستقل طور پر mated سمندری جوہری موجودگی نے سیاسی و عسکری فیصلہ سازی کے وقفے کو نہایت خطرناک حد تک محدود کر دیا ہے، جس سے امن کے زمانے کے روایتی بفرز عملاً ختم ہو گئے ہیں۔ انہوں نے بحران کے دوران عدم استحکام کے بڑھتے ہوئے خطرات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سمندری جہت کی ابہام زدہ نوعیت روایتی اور جوہری اشاروں کو آپس میں الجھا دیتی ہے، جس سے غیر ارادی کشیدگی اور حادثاتی لانچ کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ ان کے مطابق اس نئی پوزیشن کے تحت بھارت کا ’’نو فرسٹ یوز‘‘ عملی طور پر بے معنی ہو چکا ہے، جبکہ مالیاتی پابندیاں اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کا عدم استحکام پیدا کرنے والا امتزاج پاکستان کے قابلِ اعتماد ڈیٹرنس پر مزید دباؤ ڈالتا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ تزویراتی استحکام برقرار رکھنے اور تباہ کن اسلحہ دوڑ سے بچنے کے لیے پاکستان کا موزوں ردِعمل جدید ٹیکنالوجیز کے حصول، بقا پذیر اور مضبوط second-strike capability، اور فعال سفارتی اقدامات کے امتزاج پر مشتمل ہونا چاہیے۔
ڈاکٹر عقیل اختر نے سمندر پر مبنی جوہری ڈیٹرنس سے وابستہ سلامتی کے مخمصے پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ جوہری آبدوزوں کی بڑھتی ہوئی تعیناتی کمانڈ اینڈ کنٹرول، بحران کے دوران رابطہ کاری اور تزویراتی استحکام کے لیے نئے چیلنجز پیدا کرتی ہے۔ انہوں نے مستقبل کے لیے محفوظ مواصلاتی نظام کو مضبوط بنانے، غلط اندازوں کے خطرات کم کرنے اور پیچیدہ ہوتی ہوئی بحری سلامتی کی فضا میں غیر ارادی کشیدگی روکنے کے لیے مؤثر حفاظتی انتظامات وضع کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
پریزنٹیشنز کے بعد کھلی اور انٹرایکٹو نشست ہوئی، جس میں تزویراتی برادری، اکیڈمیا اور میڈیا سے تعلق رکھنے والے شرکا نے پاکستان کے لیے دستیاب پالیسی آپشنز پر تبادلہ خیال کیا تاکہ خطے میں تزویراتی توازن برقرار رکھا جا سکے۔
