نیشنل سرٹ پاکستان نے سمر انٹرن شپ پروگرام 2026 کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت ملک کے باصلاحیت طلبہ اور گریجویٹس کو پاکستان کے قومی سائبر سکیورٹی مشن میں حصہ لینے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔
ادارے کے مطابق اس سال پروگرام کے لیے پاکستان بھر سے تقریباً 50 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں۔ سخت اور میرٹ پر مبنی انتخابی عمل کے بعد صرف لگ بھگ ایک فیصد امیدواروں کو انٹرن شپ کے لیے منتخب کیا گیا، جس کے باعث یہ پروگرام ملک کے انتہائی مسابقتی انٹرن شپ پروگرامز میں شمار ہو رہا ہے۔
منتخب انٹرنز کو قومی سطح کے سائبر سکیورٹی اقدامات میں عملی تجربہ حاصل ہوگا۔ ان شعبوں میں سائبر ڈیفنس، تھریٹ انٹیلی جنس، ڈیجیٹل فارنزکس، گورننس، رسک اینڈ کمپلائنس، سکیورٹی آپریشنز، ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ، سائبر پالیسی اور کیپسٹی بلڈنگ شامل ہیں۔ انٹرنز نیشنل سرٹ کے ماہرین کے ساتھ کام کرتے ہوئے ایسے منصوبوں میں حصہ لیں گے جو پاکستان کی سائبر ریزیلینس کو مضبوط بنانے میں مدد دیں گے۔
نیشنل سرٹ کا کہنا ہے کہ وہ سائبر سکیورٹی کے شعبے میں اگلی نسل کے پیشہ ور افراد کی تیاری کے لیے بامعنی تعلیمی مواقع، عملی تجربہ اور رہنمائی فراہم کرنے کے عزم پر قائم ہے، تاکہ ایک محفوظ اور ڈیجیٹل طور پر مضبوط پاکستان کی تشکیل میں مدد مل سکے۔
ادارے نے منتخب ہونے والے تمام انٹرنز کو مبارک باد دی ہے، جبکہ ہر درخواست گزار کا بھی شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے سائبر سکیورٹی کے ذریعے ملک کی خدمت میں دلچسپی اور جوش و خروش کا اظہار کیا۔ نیشنل سرٹ کے مطابق پاکستان کے مستقبل کی سائبر ورک فورس کی تعمیر مشترکہ کوششوں سے جاری ہے۔
