بارانی زرعی یونیورسٹی اٹک سب کیمپس میں شجرکاری مہم، ماحولیاتی تحفظ کا عزم دہرایا گیا

newsdesk
4 Min Read
پیر مہر علی شاہ یونیورسٹی سب کیمپس اٹک میں یکم مئی دو ہزار چھبیس کو شجرکاری مہم منعقد، انتظامیہ، طلبہ و فیکلٹی نے شرکت کر کے ماحول کے لیے عہد لیا

بارانی زرعی یونیورسٹی کے سب کیمپس اٹک میں شجرکاری مہم، سرسبز ماحول اور ماحولیاتی شعور کے فروغ کا عزم

شجرکاری موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کم کرنے کا سب سے مؤثر عملی ذریعہ ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان

ہر شہری کو چاہیے کہ وہ پاکستان کو صاف، سرسبز اور خوبصورت بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا

پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے سب کیمپس اٹک میں یکم مئی 2026ء کو ایک بھرپور شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنا، سرسبز ماحول کا فروغ اور سماجی ذمہ داری کے عزم کو مزید مضبوط بنانا تھا۔ اس موقع پر یونیورسٹی انتظامیہ و فیکلٹی ممبران، ضلعی انتظامیہ، ماحولیاتی اداروں کے نمائندگان، طلبہ اور مختلف سرکاری محکموں اور تعلیمی اداروں کے نمائندگان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بارانی زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان نے کہا کہ شجرکاری موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کم کرنے، ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور فضائی معیار بہتر بنانے کا مؤثر اور عملی ذریعہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ نوجوان نسل میں قدرتی وسائل کے تحفظ اور ماحول دوستی کا شعور اجاگر کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ بارانی یونیورسٹی تحقیق، تعلیم اور کمیونٹی آؤٹ ریچ پروگرامز کے ذریعے پائیدار ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے قومی اہداف کے حصول میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اٹک جناب راؤ عاطف رضا نے کہا کہ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور شہری آبادی میں اضافے کے پیش نظر شجرکاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر شہری کو پاکستان کو صاف، سرسبز اور خوبصورت بنانے کے لیے درخت لگانے اور ان کی حفاظت میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں اور سرکاری محکموں کے اشتراک سے ایسے پروگرامز آئندہ نسلوں کے لیے صحت مند ماحول کی ضمانت ہیں۔

یکم مئی یومِ مزدور کے موقع پر مقررین نے ملکی ترقی میں محنت کش طبقے کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح مزدور اپنی محنت اور لگن سے معاشرے کی بنیادیں مضبوط کرتے ہیں، اسی طرح شجرکاری کے ذریعے ماحول کا تحفظ ایک خوشحال اور پائیدار مستقبل کی تعمیر کے لیے ناگزیر ہے۔ یومِ مزدور اور شجرکاری مہم کا امتزاج خدمت، ذمہ داری اور قومی ترقی کے مشترکہ پیغام کی عکاسی کرتا ہے۔

تقریب میں اساتذہ، طلبہ، انتظامی عملے اور مہمانوں نے بھرپور جوش و خروش سے حصہ لیا اور پودے لگائے۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شجرکاری سرگرمیوں کو مسلسل جاری رکھا جائے گا اور روزمرہ زندگی میں ماحول دوست طرزِ عمل اپنایا جائے گا۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے