پشاور (سپورٹس رپورٹر: ہاشم خان): دی سٹی اسکول پشاور کیمپس اور ٹاؤن کیمپس کے زیر اہتمام کلاس 2026 کے ہونہار طلبہ کی شاندار تعلیمی کارکردگی کو سراہنے کے لیے ہائی اچیورز تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں اے لیول، او لیول اور میٹرک امتحانات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو میڈلز اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خیبر پختونخوا عنایت وسیم تھے، جبکہ پاکستان کے معروف اسکواش لیجنڈ قمر زمان نے خصوصی مہمان کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس موقع پر دی سٹی اسکول کی ہیڈ نیٹ ورک امپروومنٹ پارٹنر محترمہ مہوش شوکت، مارکیٹنگ لیڈ اسلام آباد حسن خان شیروانی، پشاور کیمپس کی پرنسپل محترمہ رومانہ انجم اور ٹاؤن کیمپس کی ہیڈ محترمہ مریم خالد بھی موجود تھیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عنایت وسیم نے کہا کہ نوجوان نسل ملک کا قیمتی سرمایہ ہے اور انہیں معیاری تعلیم کی فراہمی روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی کامیابیاں ان کی محنت، اساتذہ کی لگن، والدین کی سرپرستی اور سازگار تعلیمی ماحول کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کامیاب طلبہ، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارک باد دی اور کہا کہ یہ کامیابیاں دوسرے طلبہ کے لیے مزید محنت کی ترغیب بنیں گی۔
اسکواش لیجنڈ قمر زمان نے طلبہ کی تعلیمی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور کھیل دونوں کردار سازی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کے لیے محنت، نظم و ضبط اور مستقل مزاجی نہایت ضروری ہیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی بھرپور حصہ لیں۔
محترمہ مہوش شوکت نے طلبہ کی نمایاں کارکردگی کو ادارے کے لیے باعث فخر قرار دیا اور اساتذہ و والدین کی مشترکہ کاوشوں کو سراہا۔ پرنسپل محترمہ رومانہ انجم اور ٹاؤن کیمپس کی ہیڈ محترمہ مریم خالد نے بھی ہائی اچیورز طلبہ کو مبارک باد پیش کی اور معیاری تعلیم، موثر تربیت اور طلبہ کی صلاحیتوں کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
دی سٹی اسکول ٹاؤن کیمپس کے او لیول ہائی اچیورز میں ایم اسیل نعمان، عبیہ سعید، ملک عطاء اللہ اور عروج قاضی نے تین تین اے حاصل کیے۔ ایم فرزین نے تین اے حاصل کیے، ایم سنان خان نے دو اے، رملہ جمیل نے دو اے اور چار اے، جبکہ امان علی خان نے دو اے اور دو اے حاصل کیے۔ عمار شکیل، عماد الدین اور ایم رومان خان نے ایک ایک اے اور دو اے حاصل کیے۔
تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی عنایت وسیم، قمر زمان اور دیگر معزز مہمانوں نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں میڈلز اور تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ اس موقع پر والدین اور اساتذہ کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔
