اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اینڈیور گروپ کے وفد نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں پاکستان میں کاروباری صلاحیتوں، اسٹارٹ اپس کے فروغ اور نوجوانوں کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے باصلاحیت نوجوانوں میں کاروباری صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں۔ حکومت انہیں اپنے کاروبار شروع کرنے اور انہیں وسعت دینے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، جدت اور کاروباری سوچ پاکستان کی معاشی ترقی کے اہم محرکات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس شعبے میں سرمایہ کاری اور نجی شعبے کے اشتراک کو فروغ دے رہی ہے۔
محمد شہباز شریف نے وفد کو بتایا کہ حال ہی میں اسلام آباد میں انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح کیا گیا ہے جہاں اسٹارٹ اپس کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی پارک کو اکیڈیمیا اور انڈسٹری کے مؤثر اشتراک سے جدید آئی ٹی ایکو سسٹم کا مرکز بنایا جائے گا۔
وزیراعظم نے اینڈیور گروپ کے عالمی تجربے اور پاکستان میں کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے اس کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر کامیاب کاروباری اداروں کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان میں اسٹارٹ اپس اور کاروباری اداروں کو بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں۔
وزیراعظم نے اینڈیور گروپ پر زور دیا کہ وہ پاکستانی کاروباری افراد کی استعداد کار بڑھانے، ان کی عالمی سطح پر رہنمائی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں سے روابط کے فروغ میں اپنا کردار مزید مؤثر بنائے۔
ملاقات کے دوران وفد نے وزیراعظم کو اینڈیور گروپ اور پاکستان میں اس کے آپریشنز کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اینڈیور گروپ ایک فلاحی اور غیر منافع بخش ادارہ ہے جو دنیا بھر میں انتہائی مؤثر انٹرپرینیورز کو پالیسی رہنمائی اور کنسلٹنسی فراہم کرتا ہے۔ پاکستان میں یہ ادارہ 2022 سے کام کر رہا ہے اور گزشتہ چار سال میں ایک جامع نظام کے تحت 8 پاکستانی اسٹارٹ اپس کو منتخب کر کے رہنمائی اور معاونت فراہم کی گئی۔
ملاقات میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔
