اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اسلام آباد نے سال 2026 کے جماعت نویں اور دسویں کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا۔
وفاقی تعلیمی بورڈ کی جانب سے جاری نتائج کے مطابق نویں اور دسویں جماعت میں کامیابی کا مجموعی تناسب 91.33 فیصد رہا۔
نتائج کے مطابق میٹرک سائنس گروپ میں آرمی پبلک اسکول پاسبان راولپنڈی کی عفیرا اعجاز نے 1089 نمبر حاصل کر کے پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔ آرمی پبلک اسکول مظفر آباد کی آمنہ نعمان نے 1088 نمبر لے کر دوسری جبکہ فضائیہ انٹر کالج جناح کیمپ راولپنڈی کے حذیفہ حیدر نے 1086 نمبر حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
ہیومنٹیز گروپ میں سی بی پبلک اسکول اینڈ کالج واہ کینٹ کی فاطمہ زہرہ نے 1037 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک سائنسز سترہ میل اسلام آباد کے محمد معاذ اور ڈی ایچ اے سینئر اسکول فار گرلز لاہور کینٹ کی منال زاہد نے 1031 نمبر حاصل کر کے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ پاکستان ایجوکیشن اکیڈمی یو اے ای کی انیسہ نثار نے 1023 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
نتائج کے اعلان کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین وفاقی تعلیمی بورڈ ڈاکٹر اکرام علی ملک نے مہمان خصوصی وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو امتحانی نظام سے متعلق بریفنگ دی اور پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد پیش کی۔
تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کامیاب طلبہ و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری کامیابی ہے کہ آج دنیا بھر میں پاکستانی ہونہار بچے اپنا مقام رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کی تعلیم کی بڑی ضرورت ہنر کا حصول ہے اور پاکستان کے اٹھارہ کروڑ جوان ہماری ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہیں۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آنے والے دس سے پندرہ سال ہم سب کے لیے بہت اہم ہیں کیونکہ آنے والے دنوں میں دنیا تبدیل ہونے جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں طالبات کی تعلیمی کارکردگی طلباء کے مقابلے میں بہتر ہے اور آج کی پوزیشنز میں بھی طالبات نمایاں ہیں، اس لیے ہمیں اپنی ان طالبات کے لیے دلوں اور معاشرے میں گنجائش پیدا کرنا ہو گی۔
