وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد زمان و صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی ہدایت کے مطابق راولپنڈی تعلیمی بورڈ نے شفاف امتحانی نظام کے نفاذ کے لیے سخت اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس ضمن میں کمشنر و چیئرمین تعلیمی بورڈ انجینئر عامر خٹک کے زیرِ نگرانی خصوصی ٹیمیں مختلف اضلاع میں اچانک دورے کر کے امتحانی مراکز میں سخت مانیٹرنگ کر رہی ہیں تاکہ شفاف امتحانی نظام کو یقینی بنایا جا سکے۔کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان کی قیادت میں خیابانِ سرسید اور حضرو کے متعدد اداروں کا معائنہ کیا گیا جن میں گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار بوائز خیابانِ سرسید، گورنمنٹ ہائی سکول خیابانِ سرسید، گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار وومن خیابانِ سرسید، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول غرغوشتی حضرو، گورنمنٹ بوائز ہائی سکول غرغوشتی حضرو، گورنمنٹ بوائز ہائی سکول نمبر 1 حضرو، گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار وومن حضرو اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر 2 حضرو شامل تھے۔ معائنوں کے دوران امتحانی ایس او پیز کی پابندی کا بغور معائنہ کیا گیا تاکہ کسی بھی غفلت یا خلاف ورزی کی صورت میں فوری کارروائی ممکن ہو۔دورے کے دوران گورنمنٹ بوائز ہائی سکول نمبر 1 حضرو میں دو امیدواروں کو نقل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ موقع پر مدعہ درج کر کے دونوں امیدواروں کو ڈسپلن برانچ کے حوالے کر دیا گیا اور مقدمہ درج کر کے ضروری قانونی و انتظامی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔ کنٹرولر امتحانات نے واضح کیا کہ اس طرح کے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی تاکہ شفاف امتحانی نظام کی ساکھ برقرار رکھی جا سکے۔امتحانی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر متعلقہ نگران کو فوری طور پر امتحانی ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا اور اس کے خلاف تفتیش کا حکم دیا گیا۔ تعلیمی بورڈ کی ٹیمیں ہر مرحلے پر نگرانی کے عمل کو مضبوط رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی سطح پر بدعنوانی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔کمشنر و چیئرمین راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ ٹیمیں مستقل بنیادوں پر دورے کرتی رہیں گی اور امتحانی مراکز کی چوکس مانیٹرنگ سے ہی شفاف امتحانی نظام کو پختہ کیا جا سکتا ہے۔ کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے عوام اور طلبا کو یقین دلایا کہ انتظامیہ کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کے واقعے کو سنجیدہ لے کر بروقت کارروائی کرے گی تاکہ میرٹ اور شفافیت کے تقاضے پورے ہوں۔
