راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے معرکہ حق کی تاریخی فتح کی سالگرہ کے موقع پر ایک پروقار اور یادگار تقریب منعقد کی گئی جس میں عوام، سیاسی و سماجی شخصیات اور سول سوسائٹی نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا اور شرکاء نے وطن کی سلامتی اور پاک افواج کی قربانیوں کی یاد میں خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب کے انتظامات میں ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی نے خاص کردار ادا کیا اور اسٹیڈیم کو خوبصورت روشنیوں، قومی پرچموں اور دلکش سجاوٹ سے آراستہ کر کے ایک یادگار ماحول فراہم کیا گیا۔ سیکیورٹی، ٹریفک کنٹرول، پارکنگ اور صفائی کے فول پروف انتظامات کے باعث شرکاء نے ایک محفوظ اور پرسکون ماحول میں تقریب سے لطف اٹھایا۔ اس موقع پر لوگوں نے معرکہ حق کے جذبے کو دہراتے ہوئے یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبات کا بھرپور اظہار کیا۔
تقریب میں معروف گلوکار فرحان سعید اور مصطفیٰ زاہد نے ملی نغموں اور مقبول گانوں پر اپنی شاندار پرفارمنس سے حاضرین کو محظوظ کیا اور پورا اسٹیڈیم قومی جوش سے گونج اٹھا۔ شرکاء نے گلوکاروں کی پرفارمنس پر زوردار تالیوں اور نعرے بازی سے حمایت کا اظہار کیا جبکہ تقریب کے دوران آتشبازی نے آسمان کو رنگین کر دیا اور حاضرین نے اس دلکش منظر کو خوب سراہا۔
تقریب میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر دانیال چوہدری، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ، رکن قومی اسمبلی ملک ابرار، رکن صوبائی اسمبلی ضیا اللہ شاہ، ایڈووکیٹ راجہ محمد حنیف اور ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی احمد حسن رانجھا سمیت دیگر حکام اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ شرکاء میں نوجوانوں، خاندانوں اور مختلف حلقوں کے لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور محفل کو کامیاب بنایا۔
بیرسٹر دانیال چوہدری نے خطاب میں کہا کہ معرکہ حق میں حاصل ہونے والی فتح قوم کے عزم اور اتحاد کی روشن مثال ہے اور پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ ہر آزمائش برداشت کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ہر چیلنج کا بہادری سے مقابلہ کیا اور آپریشن سندور کے حوالہ سے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا، اس موقع پر شرکاء نے پاک افواج کے حق میں نعرے بازی کی اور خصوصی دعائیں بھی کیں۔
تقریب رات گئے تک جاری رہی اور شرکاء نے اس کامیاب ایونٹ کو بھرپور انداز میں منایا۔ انتظامیہ کے منظم اقدامات، ثقافتی و ملی پروگرام اور حفاظتی انتظامات نے اس یادگار تقریب کو عوامی سطح پر کامیاب بنایا جس نے معرکہ حق کے جذبے کو تازہ کر دیا۔
