اسلام آباد: پاکستان نے 67ویں انٹرنیشنل میتھمیٹیکل اولمپیاڈ (آئی ایم او) 2026 میں دو کانسی کے تمغے اور دو اعزازی اسناد حاصل کر کے اس عالمی مقابلے کی تاریخ میں اپنی سب سے کامیاب کارکردگی ریکارڈ کرائی۔ یہ مقابلہ چین کے شہر شنگھائی میں منعقد ہوا۔
قومی ٹیم نے دنیا کے اس ممتاز ترین ریاضی مقابلے میں پاکستان کی شرکت کے آغاز سے اب تک کا سب سے زیادہ مجموعی اسکور بھی حاصل کیا، جسے ملکی سطح پر ایک اہم تعلیمی سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستانی ٹیم نے بیجنگ میں بیجنگ انسٹی ٹیوٹ آف میتھمیٹیکل سائنسز اینڈ ایپلی کیشنز (بی آئی ایم ایس اے) کے زیر اہتمام منعقدہ چائنیز میتھمیٹکس کمپیٹیشن میں بھی حصہ لیا، جہاں پاکستانی طلبہ نے تیسری پوزیشن کے دو اعزازات حاصل کیے۔
پاکستان کی آئی ایم او ٹیم کے انتخاب اور تیاری کا عمل ایک مشترکہ قومی نظام کے تحت کیا جاتا ہے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز (پی آئی ای اے ایس) کا مشترکہ منصوبہ، اسٹیم کیریئرز پروگرام، پاکستان نیشنل سائنس ٹیلنٹ کانٹیسٹ (این ایس ٹی سی) کے ذریعے باصلاحیت طلبہ کی ابتدائی جانچ کرتا ہے۔
قومی سطح پر انتخاب کے بعد کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کے لاہور کیمپس کا شعبہ ریاضی پاکستان کی انٹرنیشنل میتھمیٹیکل اولمپیاڈ ٹیم کے لیے نیشنل ٹریننگ سینٹر کے طور پر خدمات انجام دیتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق منتخب طلبہ کو ایک سال پر محیط سخت تربیتی پروگرام سے گزارا گیا، جس میں چار بھرپور رہائشی تربیتی کیمپس شامل تھے۔ دو مسلسل کیمپس اگست اور ستمبر 2025 میں منعقد کیے گئے، تیسرا کیمپ دسمبر 2025 میں ہوا جبکہ آخری تیاری کیمپ جون 2026 میں ٹیم کی چین روانگی سے فوری قبل منعقد کیا گیا۔
رہائشی کیمپس کے علاوہ کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد، لاہور کیمپس کے شعبہ ریاضی کے اساتذہ نے پورے سال طلبہ کو آن لائن رہنمائی، اعلیٰ سطح کے مسئلہ حل کرنے کے سیشنز، باقاعدہ اسائنمنٹس اور تعلیمی معاونت فراہم کی تاکہ طلبہ اپنی تیاری میں مکمل طور پر مصروف رہیں۔
کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد، لاہور کیمپس کے شعبہ ریاضی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سرفراز احمد نے کہا کہ یہ تاریخی کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی طلبہ غیر معمولی ریاضیاتی صلاحیت رکھتے ہیں اور منظم تربیت ملنے پر دنیا کے بہترین نوجوان ریاضی دانوں کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم او میں پاکستان کا سب سے زیادہ ٹیم اسکور ریکارڈ کرنا کامسیٹس یونیورسٹی کے تمام شراکت دار اداروں کے لیے باعث فخر سنگ میل ہے۔
ریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر راحیل قمر نے کہا کہ یونیورسٹی ریاضی کی تعلیم میں عمدگی کے فروغ، اسٹیم تعلیم کو مضبوط بنانے اور سائنس دانوں، محققین اور اختراع کاروں کی اگلی نسل کی تربیت کے لیے پرعزم ہے، جو پاکستان کی سائنسی اور تکنیکی ترقی میں کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ کامسیٹس یونیورسٹی پاکستان میں ریاضی کے شعبے میں مسلسل نمایاں اداروں میں شامل رہی ہے اور انہیں اپنے فیکلٹی ارکان کی لگن پر فخر ہے۔
اس سے قبل ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے بھی سوشل میڈیا پر مبارک باد کے پیغام کے ذریعے پاکستانی دستے کی کارکردگی کو سراہا۔
