پاکستان بیت المال بورڈ کی تشکیل نو، پانچ نئے ارکان مقرر

newsdesk
1 Min Read
حکومتِ پاکستان نے پاکستان بیت المال بورڈ میں پانچ نئے ارکان کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے پاکستان بیت المال کے بورڈ میں پانچ نئے ارکان کی تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق نئے ارکان کی تقرری فوری طور پر نافذ العمل ہوگی جبکہ سابق ارکان کی رکنیت ختم کر دی گئی ہے۔

وزارتِ غربت خاتمہ اور سماجی تحفظ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ یہ تقرریاں پاکستان بیت المال ایکٹ 1991ء کی متعلقہ دفعات اور وفاقی کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں کی گئی ہیں، جن کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب سے سید محمد عظمت، خیبر پختونخوا سے سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی، سندھ سے جی ایم شاہ اور بلوچستان سے مریم حیات کو بورڈ کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔ اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی نمائندگی کے لیے سید ذیشان علی نقوی کو بورڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

بورڈ میں مختلف صوبوں اور علاقائی اکائیوں سے نئے ارکان کی شمولیت کا مقصد ادارے کے انتظامی، مشاورتی اور پالیسی سازی کے امور میں مؤثر نمائندگی یقینی بنانا اور ملک کے مختلف علاقوں کے فلاحی مسائل کو اجاگر کرنا ہے۔

Share This Article