وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اورنگزیب خان کی خصوصی دعوت پر ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی اعلیٰ سطحی ٹیم نے یونیورسٹی آف لکی مروت کی تعلیمی، تحقیقی اور ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
وائس چانسلر یونیورسٹی آف لکی مروت پروفیسر ڈاکٹر اورنگزیب خان کی دعوت پر ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی ایک اعلیٰ سطحی ٹیم نے یونیورسٹی آف لکی مروت کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں وائس چانسلر، رجسٹرار اور دیگر اعلیٰ انتظامی حکام نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔
ایچ ای سی کے وفد میں فاؤنڈیشن یونیورسٹی کی ڈاکٹر یاسمین سگو، اسسٹنٹ ڈائریکٹر عامر منظور، ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا کے ڈاکٹر عمران مروت، ڈائریکٹر کیو اے اے عرفان اللہ، پیر مہر علی شاہ ایرِڈ ایگریکلچر یونیورسٹی کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر رحمت اللہ قریشی، نیشنل اسکلز یونیورسٹی کے ڈاکٹر عارف ندیم اور ائیر یونیورسٹی کے ڈاکٹر مہدی حسن شامل تھے۔ اس موقع پر یونیورسٹی آف لکی مروت کے رجسٹرار ڈاکٹر مہد جہانگیر، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر میر احمد خان، ٹریژر محمد بلال آفریدی، ڈائریکٹر اکیڈیمکس ڈاکٹر ظاہر شاہ، پراجیکٹ کوآرڈینیٹر انجینئر محمد شعیب اور ٹاؤن کیمپس کے کوآرڈینیٹر فصیح الدین بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران وفد نے یونیورسٹی کے تدریسی، تحقیقی اور انتظامی شعبہ جات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ٹیم نے ویٹرنری ٹیچنگ ہسپتال، جدید لیبارٹریوں، مرکزی لائبریری، کلاس رومز، تحقیقی مراکز اور دیگر تعلیمی سہولیات کا معائنہ کرتے ہوئے وہاں دستیاب انفراسٹرکچر، تدریسی ماحول، تحقیقی سرگرمیوں اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا باریک بینی سے مشاہدہ کیا۔
وفد نے یونیورسٹی میں زیرِ تعمیر عمارتوں اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا بھی تفصیلی معائنہ کیا اور تعمیراتی کام کے معیار، پیش رفت اور مستقبل کی ترقیاتی ضروریات کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اورنگزیب خان نے ایچ ای سی کے وفد کو جامع بریفنگ دیتے ہوئے یونیورسٹی کی تعلیمی، تحقیقی اور انتظامی کارکردگی، جاری ترقیاتی منصوبوں، فیکلٹی کی استعداد، طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور مستقبل کے ترقیاتی وژن سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف لکی مروت معیاری اعلیٰ تعلیم، مؤثر تحقیق، اختراعی سوچ اور جدید تدریسی نظام کے فروغ کے لیے مسلسل عملی اقدامات کر رہی ہے، جبکہ ایچ ای سی کی رہنمائی اور تعاون سے ادارے کو مزید مستحکم اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں۔
ایچ ای سی کے وفد نے یونیورسٹی میں جاری تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں، دستیاب سہولیات، انتظامی نظم و نسق اور ترقیاتی منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ وفد نے معیارِ تعلیم میں مزید بہتری، تحقیق کے فروغ، صنعتی و ادارہ جاتی روابط کے استحکام اور بنیادی ڈھانچے کی مزید مضبوطی کے لیے مفید تجاویز بھی پیش کیں تاکہ یونیورسٹی قومی سطح پر ممتاز جامعات کی صف میں مزید نمایاں مقام حاصل کر سکے۔
دورے کے اختتام پر وائس چانسلر اور ایچ ای سی کے وفد کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے فروغ، تحقیقی اشتراک، ادارہ جاتی ترقی، معیارِ تعلیم میں بہتری اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلۂ خیال بھی کیا گیا۔
