اسلام آباد، 28 جولائی 2026ء: ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی) نے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت ایچ ای سی کے ڈگری تصدیقی نظام کو پی ایس ای بی کے آئندہ قومی ڈیجیٹل ورک فورس پلیٹ فارم کے ساتھ مربوط کیا جائے گا۔
اس اقدام کا مقصد تعلیمی اسناد کی ڈیجیٹل تصدیق کو آسان بنانا، تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان روابط کو مضبوط کرنا اور گریجویٹس کے لیے روزگار کے امکانات میں اضافہ کرنا ہے۔
مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر نیاز احمد اختر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ای بی فیصل جیڈی نے شرکت کی، جبکہ دونوں اداروں کے دیگر سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اس انضمام کے ذریعے طلبہ اور پیشہ ور افراد کی تعلیمی اسناد کی تصدیق شدہ ڈیجیٹل دستیابی ممکن ہو گی۔ اس سے ڈیجیٹل ورک فورس اور ٹیلنٹ ڈیولپمنٹ سے متعلق اقدامات میں شفافیت، ساکھ اور اعتماد کو فروغ ملے گا۔
پی ایس ای بی کا یہ پلیٹ فارم پاکستان کا پہلا قومی تصدیق شدہ ڈیجیٹل ٹیلنٹ ریپوزٹری قائم کرے گا، جس میں طلبہ اور آئی ٹی پروفیشنلز کے مصدقہ ڈیجیٹل پروفائلز شامل ہوں گے۔ اس کے نتیجے میں پاکستان اور بیرون ملک موجود آجروں کو ایک قابل اعتماد اور تصدیق شدہ ٹیلنٹ پول تک رسائی حاصل ہو گی۔
اس سہولت سے ٹیلنٹ میچنگ، بھرتی کے عمل اور پاکستان کی ڈیجیٹل ورک فورس کے لیے عالمی روزگار کے مواقع کو تقویت ملے گی۔ ایچ ای سی اور پی ایس ای بی کا یہ اشتراک ہنرمندی کے فروغ، روزگار کی اہلیت اور پاکستان کے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن ایجنڈے کی حمایت کرنے والے ایک مربوط اور ڈیٹا پر مبنی نظام کی تشکیل کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔
