وفاقی وزیر پیر سید عمران احمد شاہ شکاگو پہنچ گئے، ترک فیسٹیول میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے

newsdesk
2 Min Read
وفاقی وزیر پیر سید عمران احمد شاہ شکاگو میں دو روزہ ترک فیسٹیول کے دوران پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

شکاگو: وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ پیر سید عمران احمد شاہ دو روزہ ترک فیسٹیول میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے شکاگو پہنچ گئے ہیں۔ یہ فیسٹیول زکوٰۃ فاؤنڈیشن آف امریکا کے زیر اہتمام یکم اور 2 اگست کو منعقد کیا جا رہا ہے۔

فیسٹیول میں ترک، پاکستانی، بھارتی، عرب اور وسیع تر مسلم کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے 30 ہزار سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے۔ وفاقی وزیر اس موقع پر “غربت: ایک عالمی خطرہ” کے موضوع پر بین الاقوامی سیشن سے خطاب کریں گے۔

اپنے کلیدی خطاب میں پیر سید عمران احمد شاہ پاکستان میں غربت کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کوششوں، حکومت کے سماجی تحفظ کے اقدامات اور کمزور طبقات کی مدد میں وزارتِ تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ کے کردار کو اجاگر کریں گے۔ وہ بین الاقوامی تعاون کے ذریعے غربت سے نمٹنے کے حوالے سے پاکستان کے تجربات اور سفارشات بھی پیش کریں گے۔

فیسٹیول کے دوسرے روز وفاقی وزیر مولانا جلال الدین رومی کی حیات اور تعلیمات کے لیے مخصوص خصوصی نشست میں شریک ہوں گے۔ اپنے خطاب میں وہ رومی کے محبت، امن، روحانیت اور انسانیت کے لازوال پیغام پر روشنی ڈالیں گے اور اس مشترکہ ثقافتی و روحانی ورثے کو نمایاں کریں گے جو پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات کو مضبوط بناتا چلا آ رہا ہے۔

فیسٹیول سے قبل وفاقی وزیر زکوٰۃ فاؤنڈیشن آف امریکا کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ بھی کریں گے، جہاں ان کی ملاقات فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خلیل دمیر سے ہوگی۔ اس دورے کے دوران وہ پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات سے بھی ملاقات کریں گے۔

وفد کو پاکستان میں فاؤنڈیشن کے انسانی خدمت اور ترقیاتی منصوبوں کے علاوہ عالمی سطح پر امدادی سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔ اس موقع پر تخفیفِ غربت اور سماجی بہبود کے شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے تبادلہ خیال بھی کیا جائے گا۔

Share This Article