اسلام آباد (سٹی رپورٹر) برصغیر کے نامور روحانی بزرگ حضرت شاہ عبدالطیف المعروف بری امام سرکارؒ کے سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات نورپور شاہاں میں عقیدت و احترام کے ساتھ جاری ہیں۔ عرس کے دوران محافل نعت و سماع نے شرکاء پر روحانی کیفیت طاری کردی۔
عرس کے پہلے روز محفل نعت کا اہتمام کیا گیا، جس میں معروف نعت خواں حضرات نے بارگاہ رسالتؐ میں گلہائے عقیدت پیش کیے اور اپنے خوبصورت کلام سے محفل کو منور کیا۔ نعت خوانوں میں محمد عامر فیاضی، محمود الحسن اشرفی، محمد خاور نقشبندی، شہباز قمر فریدی، بلال حیدر اور دیگر شامل تھے۔ محفل نعت کی نظامت کے فرائض صاحبزادہ محمد رضوان خالد نے انجام دیے جبکہ تلاوت کلام پاک کی سعادت قاری سید مزمل ہاشمی نے حاصل کی۔
عرس کے دوسرے روز محفل سماع منعقد ہوئی، جس میں ملک کے معروف قوال آصف علی خان سنتو اور محمد سمیع نے اپنے ہمنواؤں کے ہمراہ فن کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر سید الطاف حسین شاہ، سید امتیاز حسین شاہ، مفتی محمد حنیف قریشی، عبدالرزاق جامی، پیر عبید احمد عبید نقشبندی، عبداللہ گل، پیر سید شمس مشہدی اور دیگر نے اپنے بیانات سے محفل کی رونق میں اضافہ کیا۔
تقریبات میں وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی، خادم دربار بری امام سرکار و بابا کلو سرکار راجہ سرفراز اکرم، ڈاکٹر ریاض شہباز جنجوعہ، راجہ امتیاز جنجوعہ، ڈاکٹر راجہ آصف جنجوعہ، ملک افتخار احمد، شفیق الدین، قاری عبید الرحمن ستی، عمر فاروق قدوسی، سید بشیر شاہ، راجہ شہزاد جنجوعہ، ڈاکٹر حیدر جنجوعہ، عبداللہ جنجوعہ، راجہ محمد ایاز، احسان الحق میاں، کرنل انعام ربانی، جنرل (ر) عبدالجنجوعہ (ستارہ امتیاز) اور ضیاء اللہ شاہ سمیت وفاقی و ضلعی انتظامیہ کے افسران، سیاسی و سماجی شخصیات، مذہبی رہنما اور بڑی تعداد میں عقیدت مند شریک ہوئے۔
اس موقع پر فاتحہ خوانی کی گئی اور ملک و قوم کی سلامتی، ترقی، خوشحالی، امن اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی مانگی گئی۔ عرس کی تقریبات 17 اگست 2026ء تک جاری رہیں گی، جن میں ملک بھر سے ہزاروں زائرین اور عقیدت مند شرکت کررہے ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے زائرین کو سہولیات کی فراہمی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی کے لیے اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ دربار اور اطراف کے علاقوں میں داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی، ٹریفک کی روانی، پارکنگ اور دیگر امور کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ زائرین کے لیے لنگر کا بھی وسیع انتظام کیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں اور زائرین سے اپیل کی ہے کہ وہ عرس کے دوران انتظامیہ اور سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ تقریبات پرامن اور منظم انداز میں جاری رہ سکیں۔
