گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج لورہ کے لیے عمارت کا انتخاب، ڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن پروفیسر طارق محمود عباسی کا دورہ
راولپنڈی: پروفیسر طارق محمود عباسی ڈائریکٹر ریجنل ڈائریکٹوریٹ آف ہائیرایجوکیشن ہزارہ نے ایبٹ آباد سے لورہ کا خصوصی دورہ کیا تاکہ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج (GGDC) لورہ کے لیے ایک موزوں عمارت کا انتخاب کیا جا سکے۔اس موقع پر ان کے ہمراہ ایم پی اے رجب علی عباسی کے بھائی ساجد علی عباسی،فضل دین شہزاد اسسٹنٹ ڈائریکٹر، ڈاکٹر محمد آفتاب JMC کوآرڈینیٹر ایبٹ آباد ، پروفیسر ڈاکٹر خان دل بادشاہ پرنسپل گورنمنٹ کالج لورہ، پروفیسرسفیرالنسا ء انچارج پرنسپل گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج لورہ، پروفیسر شرافت خان اور علاقے کے دیگر معززین بھی موجود تھے۔مختلف مقامات کا باریک بینی سے معائنہ کرنے کے بعد، ایک عمارت کو کالج کے لیے موزوں قرار دیا گیا۔ اس انتخاب کے حوالے سے ایک اہم مشاورتی نشست ہوئی۔مشترکہ مشاورت کے بعد جس عمارت کی نشان دہی کی گئی ہے، اسے کالج کے قیام کے لیے بہترین قرار دیتے ہوئے یہ تجویز پیش کی گئی ہے کہ اس کی فوری مرمت اور تزئین و آرائش کا کام شروع کیا جائے۔ تزئین و آرائش کا کام مکمل ہوتے ہی یہ عمارت باقاعدہ طور پر طالبات کی تدریسی سرگرمیوں کے لیے استعمال کی جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
