الجزائر انٹرنیشنل فیئر 2026 — پاک الجزائر معاشی تعاون کے فروغ کا سنہری موقع
اسلام آباد: الجزائر 22 سے 27 جون 2026 تک الجزائر انٹرنیشنل فیئر (Algiers International Fair) کے 57ویں ایڈیشن کی میزبانی کرے گا، جو صدر جمہوریہ عبدالمجید تبون کی سرپرستی میں منعقد ہوگا۔ اس سال کے ایڈیشن میں مملکتِ اسپین کو بطور مہمانِ خصوصی مدعو کیا گیا ہے۔
گزشتہ سال 2025 میں منعقد ہونے والے فیئر میں غیر معمولی شرکت دیکھنے میں آئی تھی، جہاں مجموعی طور پر 684 کمپنیوں نے حصہ لیا، جن میں 31 ممالک سے تعلق رکھنے والی 145 غیر ملکی کمپنیاں شامل تھیں۔
اسلام آباد میں الجزائر کے سفارت خانے نے پاکستان کے تمام متعلقہ تجارتی، سرمایہ کاری اور شراکتی اداروں کو اس اہم عالمی ایونٹ میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ ان اداروں میں وزارتِ تجارت، اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC)، ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP)، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI)، مختلف چیمبرز آف کامرس اور کراچی ایسوسی ایشن آف انڈسٹری (SITE) شامل ہیں۔
الجزائر انٹرنیشنل فیئر افریقی اور عرب دنیا کی بڑی اقتصادی نمائشوں میں شمار ہوتا ہے، جو الجزائر اور پاکستان کے درمیان تجارتی و معاشی تعاون کو فروغ دینے کا ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔
دلچسپی رکھنے والی کمپنیاں اپنی رجسٹریشن درج ذیل ویب سائٹ کے ذریعے کروا سکتی ہیں:
registration.safex.dz
مزید معلومات کے لیے درج ذیل ذرائع سے رابطہ کیا جا سکتا ہے:
ای میل: event@algeriaexhibition.dz / fia@safex.dz
فون: +213 23 79 50 71 / +213 23 79 50 23
واٹس ایپ: +213 660 17 12 27
پاکستان اور الجزائر کے درمیان تجارتی تعلقات تیزی سے فروغ پا رہے ہیں، جہاں توانائی، معدنیات، زراعت اور ٹیکسٹائل کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دی جا رہی ہے۔ حالیہ اعداد و شمار کے مطابق دو طرفہ تجارت کا حجم تقریباً 43.93 ملین ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔
تجارتی ڈھانچے کے تحت پاکستان الجزائر کو ٹیکسٹائل، جراحی آلات اور چاول برآمد کرتا ہے، جبکہ الجزائر سے معدنیات، کھاد اور فاسفیٹس درآمد کیے جاتے ہیں۔ 2024 کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کی برآمدات تقریباً 22.6 ملین ڈالر جبکہ الجزائر کی برآمدات تقریباً 21 ملین ڈالر رہی ہیں۔
گزشتہ برسوں میں الجزائر انٹرنیشنل فیئر میں پاکستانی کمپنیوں کی شرکت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جو 2022 میں 12 کمپنیوں سے بڑھ کر 2024 میں 170 سے زائد ہو چکی ہے، جو بڑھتی ہوئی کاروباری دلچسپی کا مظہر ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان توانائی، آئی ٹی، صنعت اور بلیو اکانومی جیسے شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ الجزائر کا معدنی وسائل کے شعبے میں تجربہ پاکستان کے لیے نہایت اہم سمجھا جاتا ہے۔
کاروباری روابط کو مزید مستحکم کرنے کے لیے 2022 میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) اور الجزائر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان مشترکہ بزنس کونسل (JBC) بھی قائم کی جا چکی ہے۔
الجزائر انٹرنیشنل فیئر 2026 دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گا، جبکہ الجزائر کی جانب سے پاکستانی تاجروں کے لیے فاسٹ ٹریک اور ملٹی پل انٹری بزنس ویزا کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
