اسلام آباد، 15 ستمبر: حکومت اور تاجر تنظیموں کے قائدین نے اس امر پر اتفاق کیا ہے کہ ایف بی آر کے افسران اور تاجر نمائندے چاروں صوبوں میں آسان ٹیکس سکیم کے تحت بازاروں میں جا کر دکانداروں کی رجسٹریشن کریں گے۔
یہ فیصلہ وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت آسان ٹیکس سکیم کے جائزہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں تاجر تنظیموں کے قائدین اجمل بلوچ اور کاشف چوہدری، ممبر اِن لینڈ ریونیو آپریشنز زبیر بلال، ایف بی آر کے اعلیٰ حکام، چیف کمشنرز، آر ٹی او اسلام آباد اور راولپنڈی نے شرکت کی۔ ملک بھر کے آر ٹی اوز اور سی ٹی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں آن لائن شرکت کی۔
اجلاس میں آسان ٹیکس سکیم کے حوالے سے آر ٹی اوز اور سی ٹی اوز کی اب تک کی کارکردگی اور سکیم پر عملدرآمد میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر تاجروں کی جانب سے سکیم پر موصول ہونے والے فیڈ بیک پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تاجر نمائندے اور ایف بی آر افسران اپنے متعلقہ علاقوں کے بازاروں میں رجسٹریشن کی سہولت فراہم کرنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی بنائیں گے۔ ایف بی آر کے ریجنل ٹیکس دفاتر اور کارپوریٹ ٹیکس دفاتر کے افسران آئندہ دنوں میں تاجروں کے نمائندوں کے ساتھ مل کر ملک بھر میں پہلے سے طے شدہ اوقات پر بازاروں کا دورہ کریں گے۔
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی سرپرستی میں حکومت نے تاجروں کے مطالبے پر آسان ٹیکس سکیم جاری کی اور وعدے کے مطابق اس پر موثر عملدرآمد کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اسلام آباد میں آسان ٹیکس سکیم کے تحت پہلی پلیٹ لگائی گئی ہے، جس سے حکومت نے اپنا وعدہ پورا کر دیا۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ کل ملک بھر میں آسان ٹیکس سکیم کا حصہ بننے والے دکانداروں کی دکانوں پر پلیٹیں لگائی جائیں گی۔ ان کے مطابق یہ سکیم ٹیکس نیٹ بڑھانے اور تاجروں کی زندگی میں سہولت لانے کا باعث بنے گی۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ آسان ٹیکس سکیم پر پیش رفت کا مسلسل جائزہ لیا جائے گا اور اس تاریخی سکیم کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ آئندہ ہفتے بھی بلال اظہر کیانی کی صدارت میں اس سکیم پر اجلاس ہوگا، جس میں پیش رفت کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔
