اسلام آباد: پاکستان اے نے دوحہ، قطر میں کھیلے گئے ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز ٹورنامنٹ کے گروپ بی کے یکطرفہ میچ میں نیپال اے کو 96 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیپال اے کی بیٹنگ لائن پاکستان کے بولرز کے سامنے سنبھل نہ سکی اور پوری ٹیم صرف 72 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ نیپال کے بیٹرز وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے رہے۔
نیپال کی جانب سے یادیو 41 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ بصیر احمد نے 11 اور دیو کھنال نے 8 رنز بنائے۔ باقی بیٹرز ڈبل فگرز میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ پاکستان کی طرف سے معاذ صداقت اور حیدر علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان اے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم آغاز اچھا نہ رہا۔ پاکستان کو پہلا نقصان صرف 6 رنز پر اٹھانا پڑا جب شامل حسین 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ معاذ صداقت 13، حیدر علی 15 اور عبدالصمد 13 رنز بنا کر پویلین لوٹے، عبدالصمد رن آؤٹ ہوئے، جبکہ فرحان یوسف بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔
حسن نواز نے 28 اور احمد دانیال نے 16 رنز کا اضافہ کیا، لیکن پاکستان اے بڑی شراکت قائم نہ کر سکا اور وکٹیں مسلسل گرتی رہیں۔ اس موقع پر وکٹ کیپر بیٹر روحیل نذیر نے مزاحمتی اننگز کھیلی اور 68 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جس کی بدولت پاکستان اے کی ٹیم 42 اوورز میں 168 رنز تک پہنچ سکی۔
نیپال کی جانب سے راشد خان سب سے کامیاب بولر رہے، انہوں نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ ابھیشیک گوتم نے دو وکٹیں لیں، جبکہ سندیپ اور کشال بھرتیل نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس کامیابی کے ساتھ پاکستان اے نے اپنے گروپ میچز میں کلین سویپ مکمل کیا اور سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ پاکستان اے 27 نومبر کو دوسرے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا، جبکہ پہلے سیمی فائنل میں بھارت اور سری لنکا 26 نومبر کو مدمقابل ہوں گے۔
