راولپنڈی: پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی (یو آئی آئی ٹی) کے زیر اہتمام جاری سٹوڈنٹس ویک 2026 کے سلسلے میں ایک تکنیکی سیمینار منعقد کیا گیا، جس کا عنوان ’’ہماری کمیونٹیز میں معیارِ زندگی بہتر بنانے میں مصنوعی ذہانت کا کردار‘‘ تھا۔
سیمینار کا مقصد معاشرتی چیلنجز سے نمٹنے اور پائیدار کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے فروغ میں آرٹیفشل انٹیلیجنس کے امکانات اور افادیت کو اجاگر کرنا تھا۔
پاکستان سائنس فاؤنڈیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد اکمل نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ سکلز یونیورسٹی اسلام آباد کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سعود الطاف مہمانِ اعزاز تھے۔ ممتاز مقررین میں فاسٹ اسلام آباد کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر وسیم شہزاد، لمز کے پروفیسر ڈاکٹر میاں محمد اویس اور ڈپٹی چیف آئی سی ٹی ڈاکٹر شیر افغان خان شامل تھے۔
مقررین نے مصنوعی ذہانت کی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور تعلیم، صحت، زراعت، عوامی خدمات سمیت مختلف شعبوں میں ان کے استعمال پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مقامی کمیونٹیز کے معیارِ زندگی میں بہتری کے لیے تحقیق، جدت اور مصنوعی ذہانت کا ذمہ دارانہ استعمال نہایت اہم ہے۔
سیمینار کے چیف آرگنائزر پروفیسر ڈاکٹر یاسر حفیظ نے معزز مہمانوں اور مقررین کا خیرمقدم کیا اور ان کی شرکت و علمی آرا کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تحقیق اور اختراع کو آگے بڑھانے کے لیے تعلیمی تعاون اور علم کے تبادلے کو فروغ دینا ضروری ہے۔
