اسلام آباد، 12 نومبر 2026: وزیر مملکت برائے قومی صحت، خدمات، قواعد و ضوابط و رابطہ ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا ہے کہ پاکستان میں ذیابیطس اور دیگر غیر متعدی امراض کے بڑھتے ہوئے بوجھ سے نمٹنے کے لیے احتیاطی صحت پالیسیوں کو مضبوط بنانا، عوامی آگاہی میں اضافہ اور بنیادی صحت کے نظام میں سرمایہ کاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وہ عالمی یوم ذیابیطس 2026 کے موقع پر پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ اس سال عالمی یوم ذیابیطس کا موضوع “Early Action on Diabetes” رکھا گیا۔ تقریب میں پاکستان میں ذیابیطس کی صورتحال پر پریزنٹیشن دی گئی جبکہ نیشنل ڈائبیٹیز اینڈ این سی ڈیز کانکلیو کے قیام کی تجویز بھی پیش کی گئی۔ وزیر مملکت نے صحت مند غذائی پالیسیوں اور غیر متعدی امراض کی روک تھام کے لیے پناہ کی مسلسل کاوشوں کو سراہا۔
ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ آئی ڈی ایف ڈائبیٹیز اٹلس 2025 کے مطابق پاکستان میں تقریباً 3 کروڑ 45 لاکھ افراد ذیابیطس کے مرض میں مبتلا ہیں جبکہ بالغ آبادی کا تقریباً ایک تہائی حصہ اس بیماری سے متاثر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذیابیطس صرف صحت کا مسئلہ نہیں بلکہ ایک بڑا معاشی اور ترقیاتی چیلنج بھی ہے، اس لیے روک تھام، بروقت تشخیص اور علاج کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔
وزیر مملکت نے زور دیا کہ زیادہ وسائل عوامی آگاہی، صحت مند طرز زندگی اور احتیاطی صحت کی سہولیات کے لیے مختص کیے جائیں۔ انہوں نے شواہد پر مبنی غذائی پالیسیوں کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ میٹھے مشروبات پر ہیلتھ ٹیکس، غذائی پیکنگ کے سامنے انتباہی لیبلز اور بچوں کو غیر صحت بخش غذاؤں کی تشہیر سے محفوظ رکھنے کے لیے پابندیاں ضروری ہیں۔
ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ ذیابیطس کی اسکریننگ، بروقت تشخیص اور مریضوں کی مناسب ریفرل کے لیے بنیادی صحت کے نظام کو مضبوط بنانا بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم کے پروگرام برائے انسداد و کنٹرول ذیابیطس کے تحت ملک گیر اسکریننگ کے لیے 6 ارب 80 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جس کا آغاز اسلام آباد سے ہو گا اور بعد ازاں اسے صوبوں تک توسیع دی جائے گی۔
انہوں نے ذہنی صحت، ذہنی دباؤ اور ذیابیطس کے باہمی تعلق کو بہتر طور پر سمجھنے کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ غیر متعدی امراض کی روک تھام کی وسیع حکمت عملی میں ذہنی صحت کے پہلوؤں کو شامل کیا جانا چاہیے۔
نیشنل ڈائبیٹیز اینڈ این سی ڈیز کانکلیو سے متعلق پناہ کی تجویز پر وزیر مملکت نے وزارت صحت کی ادارہ جاتی معاونت اور سہولت کاری کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے صوبائی حکومتوں، ترقیاتی شراکت داروں اور متعلقہ فریقوں سے رابطوں میں تعاون فراہم کیا جائے گا، جبکہ اس اقدام کو آگے بڑھانے کے لیے ایک جامع تجویز تیار کی جانی چاہیے۔
اختتام پر ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ غیر متعدی امراض سے نمٹنے کے لیے وفاقی حکومت، صوبوں، سول سوسائٹی، ترقیاتی شراکت داروں اور نجی شعبے کی مربوط کوششیں ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی آگاہی مہمات میں باقاعدہ بلڈ شوگر اسکریننگ، میٹھے مشروبات کے استعمال میں کمی اور صحت مند و فعال طرز زندگی اختیار کرنے پر توجہ دی جائے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ صحت کے نظام کی حقیقی کامیابی صرف بیماریوں کے علاج میں نہیں بلکہ اس سے بڑھ کر ان کی روک تھام میں ہے۔ ان کے بقول، “آج بروقت اقدام، کل کے صحت مند پاکستان کی ضمانت ہے۔”
