اسلام آباد: پاکستان نے عالمی ادارہ صحت کے پروگرام برائے بین الاقوامی ڈرگ مانیٹرنگ (WHO PIDM) کے رکن ملک کی حیثیت سے کوسٹاریکا میں منعقدہ 44ویں سالانہ اجلاس میں شرکت کی۔ پاکستان کی نمائندگی ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کے ذریعے کی گئی۔
ڈریپ کے ڈائریکٹر فارمیسی سروسز ڈاکٹر اختر عباس خان، پی ایچ ڈی، نے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی اور ’’رسک منیمائزیشن ٹول کے طور پر ابلاغ‘‘ کے موضوع پر ایک سیشن کی نظامت بھی کی۔
اس سیشن میں مؤثر ابلاغ کے ذریعے فارماکو ویجیلنس کو مضبوط بنانے اور مریضوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے حوالے سے تجربات اور نقطہ ہائے نظر کے تبادلے کا موقع فراہم کیا گیا۔
ڈریپ کے مطابق پاکستان میں ادویات اور ویکسینز کے تحفظ کو مؤثر، بروقت اور شواہد پر مبنی رسک کمیونیکیشن کے ذریعے مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔ متعلقہ شراکت داروں کو ساتھ لے کر چلنے اور ادویات کے تحفظ کو بہتر بنانے کے لیے عالمی ادارہ صحت کی فارماکو ویجیلنس اسمارٹ اسٹریٹجی اپنانے کے فروغ کا بھی عہد کیا گیا۔
اجلاس میں مریضوں کے تحفظ کو مضبوط فارماکو ویجیلنس اور مؤثر ابلاغ کے ساتھ وابستہ اہم ترجیح کے طور پر اجاگر کیا گیا۔
