پشاور: خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والی باصلاحیت ایتھلیٹ سلمیٰ آفریدی نے کراچی میں منعقدہ لُک سہائتا 54ویں نیشنل ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2026 میں ایک طلائی اور دو چاندی کے تمغے جیت کر نئی تاریخ رقم کردی۔
یہ مقابلے کراچی میں این ای ڈی یونیورسٹی ایتھلیٹکس ٹریک اور پی این ایس کارساز میں منعقد ہوئے، جہاں سلمیٰ آفریدی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی نمائندگی کرتے ہوئے قومی سطح پر نمایاں کارکردگی دکھائی۔
سلمیٰ آفریدی اس وقت یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب میں اسپورٹس سائنسز میں ماسٹرز کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں اور تعلیمی مصروفیات کے ساتھ کھیل کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کر رہی ہیں۔
ان کی کامیابی کو خیبر پختونخوا، ان کے ادارے اور ملک کے لیے باعثِ فخر قرار دیا جا رہا ہے۔ کھیلوں کے حلقوں نے سلمیٰ آفریدی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان جیسے ایتھلیٹس قومی اثاثہ ہیں۔
اسپورٹس تجزیہ کاروں اور مقامی منتظمین نے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، ڈائریکٹر جنرل کے پی اسپورٹس ڈائریکٹوریٹ اور متعلقہ کھیلوں کے اداروں پر زور دیا ہے کہ سلمیٰ آفریدی کو خصوصی سرپرستی، جدید تربیتی سہولتیں اور اسپانسرشپ فراہم کی جائے تاکہ وہ بین الاقوامی مقابلوں میں بھی بہتر کارکردگی دکھا سکیں اور عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں۔
